پشاور کی زرعی یونیورسٹی ڈائیریکٹوریٹ پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا ہے، فائرنگ کا تبادلہ جاری ہےزور دار دھماکا بھی سنا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں زرعی یونیورسٹی کے قریب ایگریکلچر ڈائیریکٹوریٹ پر 3 نقاب پوش مسلح افراد نے حملہ کیا ہے۔ علاقہ فائرنگ سے گونج رہا ہے اور اسی دوران ایک زوردار دھماکے کی آواز بھی سنی گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچ چکی ہیں۔ یونی ورسٹی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ علاقے میں شدید فائرنگ کی آوازیں سنی جارہی ہیں۔
فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں ڈائریکٹوریٹ کا چوکیدار اور 2 طالب علم بھی شامل ہیں۔ڈائریکٹوریٹ زراعت کے ایک ملازم کے مطابق عموماً یہاں 3 سے 4 سو کے قریب طلباء ہوتے ہیں تاہم چونکہ یہ سال کا آخر ہے، اس لیے امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہاں 100 کے قریب طلباء موجود ہوں گے۔