پشاور : جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے پشاور میں تاجر برادری کی امداد سے چلنے والے فلاحی ادارے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہر حکومت کی خواہش ہوتی ہے کہ بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر ہوں لیکن دونوں ممالک کے درمیان اصل تنازعہ کشمیر کا ہے۔
وفاق کی جانب سے عائد کئے گئے نئے ٹیکسوں کے حوالے سے سراج الحق کا کہنا تھا کہ متاثرین اور آپریشن ضرب عضب کے نام پر نئے ٹیکسوں کا نفاذ سمجھ سے بالاتر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نئے ٹیکس لگانے کی بجائے اپنے غیر ترقیاتی اخراجات اور غیر ملکی دوروں کے خرچے کم کرے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ کے مقابلے میں خیبر پختونخوا کا بلدیاتی نظام بہتر ہے، یہاں بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کے ساتھ ساتھ ترقیاتی فنڈ بھی فراہم کیا جارہا ہے۔