پشاور میں ہونے والی مرکزی تقریب میں وزیر اعظم ، آرمی چیف اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور شہید بچوں کے والدین شرکت کریں گے
پشاور (یس اُردو) سانحہ پشاور کو ایک برس بیت گیا ، زخم آج بھی تازہ ہیں ، پنجاب اور سندھ میں تعلیمی ادارے بند ہیں ، بلوچستان میں عام تعطیل ہے ، ملک بھر میں آج شہدائے اے پی ایس کی یاد میں تقریبات منائی جا رہی ہیں ۔ پشاور میں مرکزی تقریب میں وزیراعظم ، آرمی چیف اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شرکت کریں گے ۔ 16دسمبر کو سفاک دہشتگردوں نے قوم کے دل پر وار کیا ، ہاتھوں میں قلم اور کتابیں ، پڑھنے کی لگن ، روشن مستقبل کے خواب آنکھوں میں لیے ، معصوم بچوں پر دہشتگردوں نے سفاکانہ وار کیا ۔ واقعے کی المناک یادوں کی کسک آج بھی دلوں میں محسوس ہوتی ہے ۔ معصوم فرشتہ صفت بچوں کی عظیم قربانی نے پوری قوم کو متحد کر دیا ۔ ہولناک سانحے کی یاد میں آج ملک بھر کے مختلف شہروں میں تقریبات منائی جا رہی ہیں ۔ سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں مرکزی تقریب آج آرمی پبلک سکول میں منعقد ہورہی ہے جس میں وزیر اعظم ، آرمی چیف ، چاروں صوبوں کے وزراء ، عمران خان ، اعلیٰ سول و عسکری قیادت اور شہداء و غازی بچوں کے والدین شرکت کر رہے ہیں ۔ تقریب میں سکول کے آڈیٹوریم اور شہداء کی یادگار کا افتتاح کیا جائے گا ۔