پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کے لیے لاہور آنے سے انکار کرکے انگلینڈ واپس جانے والے مایہ ناز بلےباز کیون پیٹرسن نے انگلش کاؤنٹی سرے سے ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے معاہدے کا اعلان کردیا۔کیون پیٹرسن نے فیس بک پر ایک ویڈیوپیغام میں کہا کہ ‘بریکنگ نیوز یہ ہے کہ میں انگلینڈ میں کرکٹ کھیلوں گا اور سرے کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے لیے معاہدہ کررہا ہوں’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘میں بہت زیادہ خوش ہوں اور دوبارہ انگلینڈ میں کھیلوں گا مجھے انگلینڈ میں کرکٹ کھیلنا بہت پسند ہے اور سب سے اچھی بات انگلینڈ میں اپنے گھر پر رہوں گا’۔کیون پیٹرسن نے کہا کہ ‘اس سیزن میں انگلینڈ سے باہر نہ جانے کی اصل وجہ بھی یہی تھی کہ طویل عرصے سے انگلینڈ میں کرکٹ نہیں کھیلی اور اب واپس آنا چارہا تھا’۔
خیال رہے کہ کیون پیٹرسن نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور کیربیئن پریمیئرلیگ (سی پی ایل) سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں:گلیڈی ایٹرز کی شکست کی وجہ ’غیرملکی کھلاڑیوں کا اخراج’
پیٹرسن نے لیگ سے دستبرداری کے حوالے سے کہا تھا کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گذارنا چاہتے ہیں اس لیے آئی پی ایل کا حصہ نہیں ہوں گے۔نیٹ ویسٹ ٹی ٹوئنٹی رواں سال جولائی اور اگست میں کھیلی جائے گی۔حال میں ختم ہونے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کررہے تھے جہاں انھوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتےہوئے ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ‘لاہور نہ جانے کا تعلق عمران خان کے بیان سے نہیں’
کیون پیٹرسن نے پی ایس ایل کے فائنل میں شرکت کے لیے لاہور آنے سے انکار کرتے ہوئے واپس انگلینڈ جانے کو ترجیح دی تھی جس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے دیگر کھلاڑی لیوک رائٹ، ٹائمل ملز اور رلی روسو نے بھی فائنل سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔یاد رہے کہ کیون پیٹرسن ماضی میں انگلینڈ کے ڈومیسٹک کرکٹ پر تنقید بھی کرتے رہے ہیں جبکہ وہ بہترین فارم کے باوجود بورڈ کے ساتھ معاملات خراب ہونے کے باعث انگلش ٹیم میں واپس نہیں جاسکے۔