اسلام آباد (یس ڈیسک) پنجاب بھر میں پٹرول بحران کا ایک اور دن گزر گیا مگر عوام کی قسمت نہیں بدلی۔ وزیراعظم نواز شریف نے پٹرول کے بحران کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے آج اجلاس بھی طلب کرلیا ۔وزیر اعظم نواز شریف نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو آج اسلام آباد طلب کیا ہے۔ انہوں نے پٹرولیم بحران کی فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا حکم بھی دیا ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے وزارت پٹرولیم، پی ایس او حکام، اوگرا اور نجی کمپنیوں کیخلاف بھی تحقیقات کا حکم دیا ہے، وزیر اعظم نے ہدایات دی ہے کہ پٹرولیم بحران کے ذمہ دار ہر فرد کیخلاف کارروائی کی جائے، اور عوام کو فوری ریلیف دینے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ اسی سلسلے میں وزیراعظم نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو طلب کیا ہے تاکہ پی ایس او کو ادائیگیوں کے معاملات پر بات کی جائے۔