اسلام آباد (یس ڈیسک) وزیراعظم محمد نواز شریف کے زیر صدارت توانائی بحران پر اہم اجلاس کے بعد پریس کانفرس کرتے ہوئے وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پٹرول کا مسئلہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے کچھ علاقوں میں ہے۔
پنجاب میں سی این جی قلت کے باعث لوگوں نے پٹرول زیادہ خریدا۔ پارکو ریفائنری بند رہنے سے پٹرول کی سپلائی کم رہی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ لاہور میں آج ڈبل پٹرول سپلائی کیا گیا جبکہ مختلف شہروں میں پٹرول کی وافر سپلائی کر دی گئی ہے۔
اُمید ہے کہ پنجاب اور ملک کے دیگر علاقوں میں جاری پٹرول کے بحران پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔ وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ آئندہ ماہ فروری میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یکم فروری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے سے زائد کی کمی کی جائے گی۔ شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ پٹرول بحران کا مالی معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ کوئی مارکیٹ کمپنی دیوالیہ نہیں ہوئی ہے۔ پٹرول کا اضافی سٹاک یقینی بنانا اوگرا کی ذمہ داری ہے۔
پٹرول بحران کے ذمہ داروں کے تعین کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے جو اپنی رپورٹ کل وزیراعظم محمد نواز شریف کو پیش کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرول بحران پر عوام کو ہونے والی پریشانی سے شرمندہ ہیں۔
پٹرول بحران کے معاملے میں کسی سازشی کا علم نہیں ہے۔ پٹرول بحران کا پہلا ذمہ دار میں خود ہوں۔ پٹرول بحران اگر میرا قصور ہے تو میں حاضر ہوں۔