آئل ٹینکرز مافیا کی بلیک میلنگ رنگ دکھانے لگی ،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت صوبائی دارالحکومتوں کے بھی بیشتر پٹرول پمپس پر پٹرول نایاب ہوگیا۔
اسلام آباد،کراچی ،پشاور ،کوئٹہ ،لاہور ،ملتان اور فیصل آباد میں جن پٹرول پمپس پر پٹرول دستیاب ہے وہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔کراچی کے پچاس فیصد سے زائد پیٹرول پمپس پر پیٹرول ختم ہو گیا ہے۔ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے بعد اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں بھی قلت پیدا ہونا شروع ہوگی ہے،پٹرول پمپس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر رات کو پٹرول نہ پہنچا تو صبح کہیں بھی پٹرول ملنا مشکل ہوگا۔
کراچی میں آئل ٹینکرز کی ہڑتال سے پیدا صورتحال کے اثرات سامنے آنے لگے ہیں،شہر کے بیشتر پٹرول پمپس پر شدید کمی واقع ہوچکی ہے۔ ہڑتال اور اوگرا اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی خبریں آنے کے بعد سے لاہور کے پٹرول پمپوں پر عوام کا رش بڑھ گیا ہے۔ ادھر کوئٹہ کے بیشتر پٹرول پمپس پر تیل ختم ہوگیا ہے شہری بغیر تیل بھروائے واپس جارہے ہیںجبکہ ملتان اور فیصل آباد میں شہریوں کو پٹرول کی قلت کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔