ٹوکیو (ویب ڈیسک ) جاپان کی خوبرو حسینہ نے ٹرک ڈرائیونگ کا پیشہ اختیار کیا تو ہر طرف دھوم مچ گئی ، جیسا کہ سمجھا جاتا ہے کہ ٹرک ڈرائیونگ ایک مشکل کام ہے۔ طویل روٹ پر ٹرک چلانا تو عام طور پر مردوں کا کام سمجھا جاتا ہے لیکن جاپان سے تعلق رکھنے والی نوجوان خاتون جس کا نام رینو ساساکی ہے نے اس رویے کوبدلنے کا فیصلہ کیا ہے اور نتیجے میں سوشل میڈیا پر بھی مقبول ہو گئیں ہیں۔رینو ساساکی کی پرورش کوچی پریفیکچر میں ہوئی ہے۔ ان کے والد بھی طویل روٹ پر ٹرک چلاتے تھے لیکن رینو ساساکی نے کبھی ٹرک ڈرائیور بننے کا نہیں سوچا تھا۔سات سال پہلے والد کے بیمار ہونے پر انہیں ڈرائیور بھی بننا پڑا۔ رینو کے والد بیمار ہونے پر بھی ٹرک چلاتے رہے اور وہ یہ سوچ کر پریشان ہوتیں کہ اُن کے والد گھر سے ہزاروں میل دور اکیلے ہیں، ان کی دیکھ بھال کرنے والا بھی کوئی نہیں۔21 سالہ رینو، جو اس وقت جاپان کا روایتی ناچ سکھاتی تھیں، نے ٹرک ڈرائیونگ کا لائسنس حاصل کیا اور اپنے والد کے ساتھ سفر پر جانے لگیں۔انہوں نے شروع میں ناچ سکھانا جاری رکھا لیکن جلد ہی اندازہ ہوگیا کہ ہزاروں کلومیٹر کے سفر کے بعد وقت پر گھر پہنچنا ممکن نہیں۔ اس لیےانہوں نے بتدریج ناچ سکھانا بند کر دیا اور کُل وقتی ٹرک ڈرائیور بن گئیں۔ٹرک ڈرائیونگ جیسے مشکل پیشے کو چننے سے رینو ساساکی کو بہت سی ایسی چیزیں چھوڑنی پڑیں، جن سے وہ محبت کرتی تھیں لیکن اُن کا دعویٰ ہے کہ اس پر انہیں کوئی افسوس نہیں۔انہیں اپنے والد کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملا اور اُن کے والد نے انہیں ٹرک ڈرائیونگ
کے حوالے سے بہت سی نئی چیزیں بتائیں۔رینو ساساکی جاپان کی چند خواتین ٹرک ڈرائیوروں میں سے ایک ہیں، اسی لیے انہیں سوشل میڈیا پر کافی توجہ ملی ہے انسٹاگرام، فیس بک اور ٹوئٹر پر اُن کے ہزاروں چاہنے والے ہیں۔ رینو ساساکی ایشیائی ممالک کی سب سے زیادہ مقبول خاتون ٹرک ڈرائیور ہیں۔انہیں جاپان کی سب سے خوبصورت ٹرک ڈرائیور بھی کہا جاتا ہے۔ رینو ساساکی کو امید ہے کہ ان کی مقبولیت کی وجہ سے بہت سی جاپانی خواتین ٹرانسپورٹ کی صنعت میں داخل ہونگی۔ اسی وجہ سے وہ سوشل میڈیا پر اپنے سفر سے متعلق واقعات اور تصاویر پوسٹ کرتی رہتی ہیں۔رینو ساساکی کو ٹرک ڈرائیور کے طور پر کام کرتے 7 سال ہو چکے ہیں۔ انہیں اپنے پیشے کے بارے میں ایک بات بُری لگتی ہے کہ انہیں اپنے ناپ کے کپڑے نہیں ملتے۔دستانے، سیفٹی شوز اور ہر چیز عورت ک لحاظ سے بڑی ہوتی ہے۔ اُن کا ارادہ ہے کہ مستقبل میں ٹرانسپورٹ سے منسلک خواتین کے لیےکپڑے متعارف کرائیں گی۔ رینو ساساکی سال میں 2 لاکھ کلومیٹر ٹرک چلاتی ہیں۔ وہ تازہ پھلوں اور سبزیوں کو جاپان بھر میں پہنچاتی ہیں۔ اگرچہ انہیں لوڈنگ اور اَنلوڈنگ کا کام خود نہیں کرنا پڑتا لیکن اپنا ٹرک خراب ہونے پر انہیں خود ہی اپنے ہاتھ خراب کرنے پڑتے ہیں۔