اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی ایئر لائن کا خصوصی طیارہ یمن میں محصور پاکستانیوں کو لے کر وطن واپسی کے لئے روانہ ہو گیا ہے۔
پی آئی اے کی ایئر بس 310 یمن میں محصور 176 پاکستانیوں کو جبوتی سے لے کر پاکستان کیلئے روانہ ہو گئی ہے، ان تمام افراد کو چینی بحری جہاز کے ذریعے عدن سے جبوتی پہنچایا گیا تھا۔ طیارہ ایک بجے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے گا جہاں وزیر ہوابازی شجاعت عظیم اور چیرمین پی آئی اے مسافروں کا استقبال کریں گے۔
واضح رہے کہ یمن کی کشیدہ صورت حال کے باعث وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر محصور پاکستانیوں کی واپسی کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے۔ چند روز قبل بھی پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے 502 شہریوں کو وطن واپس پہنچایا گیا۔