اسلام آباد : وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے نئے آرڈیننس کے تحت تمام ملازمین کی نوکریوں کو مکمل تحفظ حاصل ہو گا۔ کسی بھی ملازم کو نوکری سے برخاست نہیں کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی۔ اسحاق ڈار نے وزیر اعظم کو پی آئی اے کے نئے صدارتی آرڈیننس پر بریف کیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ نئے آرڈیننس کے تحت تمام ملازمین کی نوکریوں کو مکمل تحفظ حاصل ہو گا۔پی آئی اے کو بیوکریٹک انداز کے بجائے پبلک لمیٹڈ کمپنی کی طرز پر چلایا جائے گا۔
پی آئی اے کے لئے او جی ڈی سی ایل کے کارپوریٹ ماڈل کو نافذ کیا جائے گا۔ کسی بھی ملازم کو نوکری سے برخاست نہیں کیا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے آپریشن ضرب عضب میں بے گھر ہونے والے متاثرین کی بحالی کے امور پر بھی وزیر اعظم کو بریفنگ دی اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ڈی پیز نے آپریشن ضرب عضب کو کامیاب بنانے کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔وزیر اعظم نے تمام متاثرین کی بحالی اور دوبارہ آباد کاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ نئے 40 ارب روپے کے ٹیکسز کی وصولی پر تعیش اشیاء پر ریگولٹری ڈیوٹی کے زریعے حاصل کی جائیں گی۔27 ارب روپے صوبوں کے لئے مختص کئے جائیں گے۔