وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ غیر پیشہ وارانہ سوچ اور ناقص مینجمنٹ کے باعث پی آئی اے زوال کا شکار ہوئی ہے۔ پی آئی اے نے قابل اعتبار ایئر لائن بنانے کا عزم نہ دکھایا تو دیگر آپشنز پر غور ہو گا۔
وزارت منصوبہ بندی کے اعلامیئے کے مطابق کے پی آئی اے اصلاحات پر قائم کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیرصدارت ہوا۔ وفاقی وزیر نے کہا غریب عوام پی آئی اے نقصانات کو برداشت نہیں کرسکتی۔ انہوں نے پی آئی اے کے اعلٰی افسران کی غیر سنجیدگی اور رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ اجلاس میں پی آئی اے کی بحالی کیلئے سیفٹی، پروڈکٹ میں بہتری اور درکار فنڈز پر مشتمل قلیل مدتی منصوبہ پیش کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹکٹس کی فروخت اور سفری سہولیات سمیت دیگر جامع تفصیلات پیش کریں، جائزے کے بعد کمیٹی تجاویز دے گی۔