چیئرمین سہیل بلوچ کہتے ہیں کراچی میں فائرنگ سے دو ملازمین کے قتل کے مقدمے کیلئے عدالت سے رجوع کریں گے۔ پالپا نے بھی کسی آپریشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان کر دیا۔
کراچی: (یس اُردو) پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری اور لازمی سروس ایکٹ کے نفاذ کے بعد معاملات مزید الجھ گئے۔ کراچی میں مظاہرین کی موت کے بعد سراپا احتجاج بنی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے آج سے فلائٹ آپریشن مستقل بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین سہیل بلوچ کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہلاکتوں کا مقدمہ درج کرانے کیلئے آج عدالت سے رجوع کریں گے۔ انہوں نے واقعہ کی انکوائری ہائیکورٹ کے جسٹس سے کروانے کا مطالبہ بھی کیا۔ پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے الزام عائد کیا کہ کراچی میں فائرنگ کے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج ڈیلیٹ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر پالپا کے نائب صدر کیپٹن صادق رحمان کا کہنا تھا کہ پالپا پی آئی اے ملازمین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کسی آپریشن میں حصہ نہیں لیں گے۔ ڈی جی رینجرز سندھ فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات کریں۔