ٹورنٹو: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی ٹورنٹو سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 790 اس وقت تاخیر کا شکار ہوگئی جب قومی ایئرلائن کا طیارہ ٹورنٹو کے پیئرسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کھڑے ایئر فرانس کے طیارے سے ٹکرا گیا۔
سٹی نیوز کی رپورٹ کے مطابق دی گریٹر ٹورنٹو ایئرپورٹس اتھارٹی کی ترجمان نتالی مونکیور کا کہنا تھا کہ حادثہ شام 66 بجے کے قریب پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق پی آئی اے طیارے کا پر، ایئر فرانس کے طیارے کے پر سے ٹکرا گیا جو ٹرمینل 3 کے گیٹ پر کھڑا تھا۔
واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں، تاہم طیارے کو معمولی نقصان پہنچا۔
مزید پڑھیں:پی آئی اے کی لاہور-کوالالمپور پرواز کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ
دوسری جانب پی آئی اے ترجمان دانیال گیلانی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ بظاہر گراؤنڈ پر موجود عملے کی جانب سے مارشیلنگ (marshaling) کے دوران کسی خرابی کی وجہ سے پیش آیا، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق حادثے کے نتیجے میں طیارے کو معمولی نقصان پہنچا، جس کی مرمت کی ضرورت ہے، دوسری جانب مسافروں کو رات ٹورنٹو میں گزارنی پڑے گی، جنھیں ہوٹل میں قیام کی سہولیات فراہم کردی گئیں۔
پی آئی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایئر کرافٹ کی جلد از جلد مرمت کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:فرانسیسی ٹیم کا طیارہ حادثے کے مقام کا معائنہ
گذشتہ برس 7 دسمبر کو پی آئی اے کے اے ٹی آر طیارے کے حویلیاں میں گر کر تباہ ہونے کے بعد سے قومی ایئر لائن کی متعدد پروازوں کو مختلف نوعیت کے حادثات کا سامنا کرنا پڑا۔
حویلیاں حادثے میں عملے سمیت 48 افراد جاں بحق ہوئے تھے، جن میں معروف شخصیت جنید جمشید اور ان کی اہلیہ بھی شامل تھیں۔
19 دسمبر 2016 کو بھی لاہور سے کوالالمپور جانے والے پی آئی اے طیارے کا ہائیڈرولک پائپ دوران پرواز اچانک پھٹ گیا تھا، جس کی وجہ سے طیارے کا رخ موڑ کر اسے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتارا گیا اور وہاں اس کی مرمت کے بعد اسے کوالالمپور کے لیے روانہ کیا گیا۔
طیارے کے روٹ میں اس تبدیلی کی وجہ سے پرواز پی کے 898 چار گھنٹے تاخیر سے کوالالمپور پہنچی۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے اور کالے بکروں کا صدقہ
اس سے قبل 11 دسمبر کو بھی پی آئی اے کے ملتان سے کراچی جانے والے طیارے کے انجن میں آگ لگنے کے حوالے سے رپورٹس سامنے آئی تھیں، تاہم قومی ایئرلائن نے طیارے میں آگ لگنے کی اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے انھیں بے بنیاد قرار دیا تھا۔