اسلام آباد: پی آئی اے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی میتیں اسلام آباد منتقل کی جا رہی ہیں جب کہ لواحقین کے لئے پمزاسپتال میں انفارمیشن ڈیسک بھی قائم کر دی گئی ہے۔
حویلیاں میں گزشتہ روز حادثے کا شکار ہونے والے پی آئی اے کے بد قسمت طیارے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اپنے پیاروں کی میتیں وصول کرنے کے لئے اسلام آباد پہنچنا شروع ہو چکے ہیں۔ معروف نعت خواں جنید جمشید کے بھائی دیگر افراد کے ہمراہ پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچے جہاں انہیں پی آئی اے حکام کی جانب سے تمام تر معلومات فراہم کی گئیں جب کہ لواحقین کے سفری اخراجات بھی پی آئی اے ہی برداشت کر رہا ہے۔
دوسری جانب طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی میتیں ایبٹ آباد سے آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس منتقل کی جائیں گی جہاں سے انہیں ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے پمز اسپتال منتقل کیا جائے گا۔ پمز اسپتال کے حکام کے مطابق ڈی این اے کے بعد میتیں لواحقین کے حوالے کی جائیں گی جب کہ اس حوالے سے اسپتال میں انفارمیشن ڈیسک بھی قائم کر دی گئی ہے۔ اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ لواحقین اپنے پیاروں کی میت کے حوالے سے ٹیلی فون نمبر 9260340-051 پر معلومات حاصل کریں۔
ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی میتوں کو پاک فوج کے 3 ہیلی کاپٹرز کیمدد سے اسلام آباد منتقل کیا جائے گا اور اس حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔