ٹرین میں سیٹیں بک کروانے کیلئے مسافروں کا سٹیشنز پر رش ، بکنگ کیلئے اضافی کائونٹرز قائم کردیئے گئے
کراچی (یس اُردو) پی آئی اے ملازمین کے احتجاج اور فضائی آپریشن معطل ہونے کا فائدہ پاکستان ریلوے کو ہونے لگا ۔ مسافروں کا رش بڑھنے سے ریلوے کو ایک روز میں 45 لاکھ روپے تک کا فائدہ پہنچا ۔ پی آئی اے کی پروازوں کی منسوخی اور غیر یقینی تاخیر کی وجہ سے ریلوے میں مسافروں کا رش بڑھ گیا جس پر ریلوے انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتطامات کردیئے گئے ہیں ۔ کینٹ سٹیشن پر مسافروں کی سہولت کے لئے بکنگ آفسز میں اضافی کائونٹر قائم کردیئے گئے اور لاہور اور اسلام آباد جانے والی ٹرینوں میں اضافی بوگیاں لگادی گئی ہیں ۔ ڈی سی او ناصر جعفر کے مطابق گرین لائن ، بزنس ایکسپریس ، کراچی ایکسپریس ، تیز گام اور پاکستان ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس میں اضافی بوگیاں لگائی گئی ہِیں ۔ کراچی ریلوے کو 3 فروری کو 45 لاکھ روپے اور دو فروری کو 20 لاکھ روپے کی اضافی آمدنی ہوئی تھی ۔ ڈی سی او ریلوے ناصر جعفر کے مطابق مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور طلب کو دیکھتے ہوئے سہولت دے رہے ہیں ۔