کراچی…….پی آئی اے نے واپڈا کو شکست دے کر مسلسل تیسری اور مجموعی طور پر تیسویں مرتبہ قومی ہاکی چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ۔
کراچی کے ہاکی کلب میں پاکستان کی دو ٹاپ ٹیمیں پی آئی اے اور واپڈا آمنے سامنے تھیں، ابتدائی دو کوارٹرز میں تو کوئی ٹیم گول نہ کرسکی لیکن تیسرے کوارٹر سے کھیل میں جان آئی اور دونوں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر خوب حملے کئے ، مقررہ وقت پر مقابلہ دو ۔ دو سے برابر رہا ۔پنالٹی شوٹس مرحلےمیں بھی دونوں ٹیموں نے تین ، تین گول اسکور کئے اور مقابلہ برابر ہو گیا جس کے بعد سڈن ڈیتھ پر واپڈا کے عرفان نے گول کا چانس مس کیا لیکن پی آئی اے کے محمد زبیر نے گول داغ کر پی آئی اے کو میچ جتوا دیا۔دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے اپنی ، اپنی ٹیموں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ شائقین کو ہاکی کا ایک اچھا اور دلچسپ میچ دیکھنے کو ملا ۔وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیئے اور پی ایچ ایف کیلئے تیس لاکھ روپے کا اعلان کیا ۔ پی ایچ ایف کے سربراہ خالد سجاد کھوکھر نے ایونٹ کو ہاکی کی بحالی کی جانب پہلا قدم قرار دیا ۔ آرمی کے محمد رضوان کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی، عمران بٹ کو بہترین گول کیپر جبکہ ابوبکر کو بہترین ایمرجنگ پلیئر قرار دیا گیا۔