فرانسیسی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں خصوصی اقتصادی زون میں سرمایہ کاری کیلئے مدعو کیا گیا ہے
پیرس، 12 مئی:2020 پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے متعلق فرانس کے سب سے بڑے بزنس فیڈریشن میڈیف، سفارت خانہ پاکستان برائے فرانس اور فرانسیسی سفارت خانہ اسلام آبادنے آج ویڈیو لنک کے ذریعے ایک خصوصی سیمینار منعقد کیا۔
جناب عاطف آر بخاری وزیر مملکت و چیئرمین سرمایہ کاروی بورڈ آف پاکستان نے اپنے کلیدی خطاب میں فرانسیسی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں قائم کردہ خصوصی معاشی زون خاص طور پر فوڈ پروسسنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، رہائش و تعمیرات، مواصلات وسیاحت، زراعت کے شعبوں میں آزادانہ سرمایہ کاری کے نظام اور ملک کی مستحکم سیاسی و سلامتی کی صورتحال سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے دعوت دی۔ انہوں نے فرانسیسی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو اسلام آباد میں قائم انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک میں سرمایہ کاری پر غور کرنے کا مشورہ دیا۔
اس تقریب میں پاکستانی اور فرانسیسی کمپنیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جناب معین الحق سفیر پاکستان برائے فرانس، محترمہ نورہ سسبیلی، ڈپٹی ہیڈ آف ایشیا پیسفک ڈیپارٹمنٹ برائے فرانسیسی وزارت اقتصادیات و خزانہ نے شرکت کی۔ جناب عاطف آر بخاری چیئرمین پاکستان سرمایہ کاری بورڈ اور پاکستان میں تعینات فرانس کے سفیر جناب مارک بارٹی نے پاکستان سے اس تقریب میں حصہ لیا۔
پاکستان فرانس بزنس کونسل اور ٹوٹل گلوبل سروس کے صدر جناب تھیری فلیملین نے اپنی گفتگو میں کہا کہ فرانسیسی اور پاکستانی کمپنیوں کو ابھرتے ہوئے کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقعے تلاش کرنے چاہیں کیونکہ کوویڈ 19 کے لاک ڈاؤن کے بعد دونوں ممالک اپنی معیشت کو دوبارہ شروع کریں گے۔
جناب معین الحق سفیر پاکستان برائے فرانس نے کوویڈ 19 کی وجہ سے پاکستان کو درپیش معاشی مسائل اور کاروبار ی افراد اور معاشرے کے غریب طبقہ کو سھارا دینے کیلئے حکومت کی جانب سے خصوصی امداد دینے کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا اور انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ بھی دیکھا ہے کہ جہاں کوویڈ 19 نے دنیا بھر کی معیشتوں کو متاثر کیا ہے وہاں اس نے نئے مواقعے بھی پیدا کیئے ہیں۔
جناب مارک برٹی فرانسیسی سفیر برائے پاکستان نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان معاشی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان کاروباری تعلقات کو بڑھانے کیلئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے گا۔
ویب نیئر سفارت خانہ پاکستان کا ایک حصہ ہے۔ کوویڈ 19 وبائی امراض کی وجہ سے پیش آنے والی مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود پاکستان اور فرانس کے مابین دوطرفہ اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو برقرار رکھنے کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔