ضلع سری گنگا نگر کے علاقے سری وجے نگر میں زیرحراست جاسوس کبوترکو ہیڈ کانسٹیبل کے پنجرہ کھولنے پر اڑنے کا موقع ملا
سری وجے نگر: بھارتی ریاست پنجاب پولیس کی لاپروائی کے باعث بھارت میں ’’دراندازی‘‘ کرنے والا جاسوس کبوتر ’’جانبازخان ‘‘فرار ہوکر پاکستان آگیا جس کے بعد بھارت میں الرٹ جاری کردیا گیا ۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کے ضلع سری گنگا نگر کے علاقے سری وجے نگر میں جاسوس کبوتر زیر حراست تھا،پولیس نے کئی گھنٹے کی تگ و دو کے بعداس کبوتر کو پکڑا تھااوراس کے ساتھ’’ 5547 جانباز خان‘‘ کا ٹیگ لگا ہوا تھا جبکہ ساتھ ایک فون نمبر بھی درج تھا۔ پنجاب پولیس کا کہناتھا ہیڈ کانسٹیبل کی جانب سے تجسس کے باعث پنجرہ کھولنے کے نتیجے میں کبوتر کو اڑنے کا موقع ملا،انتظامیہ نے کبوتر کے فرارہونے کے فوری بعدالرٹ جاری کردیا تاہم کبوتر کی ’’گرفتاری ‘‘ممکن نہیں ہوسکی ۔بعدازاں انتظامیہ نے تصدیق کردی کہ کبوتر واپس پاکستان جانے میں کامیاب ہوگیاہے ،اس کی اطلاع انٹیلی جنس ایجنسیوں کوبھی دیدی گئی ۔