لندن (ایس ایم عرفان طاہر سے) 20 لاکھ حجاج کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے شعور و آگہی کی ضرورت ہے ،عبادات ہوں یا دنیاوی معمولات صحت اور حفاظت انسانی حقوق کا بنیا دی پہلو ہے جسے کسی بھی لمحہ نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے ، حجاج کرام اپنے فرائض کی ادا ئیگی سے قبل تمام منا سک حج اور معلومات حاصل کر نے کے بعد بیت اللہ شریف حاضری دیں ، قریبی ڈاکٹرز اور معالج سے مشورہ کرنے کے بعد حفاظتی انجیکشنز لگوانا بے حد ضروری ہے تاکہ اپنی زندگیوں کے ساتھ ساتھ دوسروں کو بھی محفوظ بنایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج برطانیہ کے زیر انتظام صحت اور حفاظت مہم کے آغاز کے حوالہ سے ہائوس آف لارڈزمیں منعقدہ سیمینار سے مقررین نے خطابات کرتے ہو ئے کیا۔
میزبانی کے فرائض سرپرست اعلیٰ ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج برطانیہ لا رڈ نزیر احمد نے سرانجام دیے جبکہ اس موقع پر سٹیو میکب ممبر برطانوی پا رلیمینٹ، جنرل سیکرٹری ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج برطانیہ خالد پرویز ، ملک محمد فتح ، صاحبزادہ محمد فاروق القادری ، راجہ محمد اشتیا ق چیئرمین قائد اعظم ٹرسٹ برطانیہ ، فرحان خالد، ڈاکٹر سید رضا حسین ،رومینہ خورشید عالم ایم این اے ، نذیر علی سنیئر ٹریڈنگ سٹینڈرڈز آفیسر ، سجیلہ نصیر ہید آف برمنگھم ٹریڈنگ سٹینڈرڈ ز، ڈی سی سٹیون کیٹل لندن میٹروپولٹین پولیس ، ظفر خان، شیخ سربلند ، حناء ملک ، ساجد یوسف اور دیگر نے بھی خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر لارڈ نذیر احمد کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کا تقا ضا ہے کہ حجاج کرام فریضہ حج سے پہلے تمام احتیاطی تدابیر اور معلومات ضرور حاصل کرلیں تاکہ سفر پر روانہ ہو نے سے قبل ہی تمام مسائل اور مشکلا ت سے نجا ت حاصل کرلی جا ئے ۔ ڈاکٹر سید رضا حسین کا کہنا تھا کہ حج ایک اہم فریضہ ہے جس کی ادائیگی سے قبل صحت عامہ کی تمام تر ضروریات سے آگاہی ضروری ہیں ۔ انہو ں نے کہاکہ دوران حج بعض موذی امراض میں مبتلا ء افراد کی ذرا سی بے احتیا طی سے وبا ء پھیلنے کا خدشہ لا حق ہوجاتا ہے جو دوسرے حجاج کرام کے لیے بھی نقصان کا باعث ہے انہو ں نے کہاکہ خطرات سے بچنے اور بیماریوں کے تدارک کے لیے اپنے ڈاکٹر یا معالج سے مشورہ کرلینا بے حد ضروری ہے ۔ انہو ں نے مزید کہاکہ گذشتہ سال کرونا وائرس کی وجہ سے باپ بیٹا کی موت واقعہ ہوئی تھی جو کہ ایک انتہائی افسوس ناک عمل ہے اسی طرح ذرا سی احتیاط اور تدبر و حکمت عملی سے کئی انسانوں کی زندگیوں کو باآسانی محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
خالد پرویز کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج کا اولین مقصد حجاج کرام کو احتیاطی تدابیر سے متعارف کروانا اور بعد ازاں پیش آنے والی پریشانیوں اور مصائب سے محفوظ بنا تے ہو ئے اس مقدس فریضہ کی آڑ میں غیر قانونی دھندہ کرنے والوں سے بچائے رکھنا ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ شعور و آگہی مہم کا مقصد درحقیقت حکومت اور ذمہ داران کو فریضہ حج سے متعلقہ درپیش مسائل سے آگاہ رکھتے ہو ئے ان کا حل تلاش کرنا ہے۔ انہو ںنے مزید کہاکہ حج اسلام کا ایک اہم رکن ہے اس کی ادائیگی کے لیے روانہ ہو نے والے حجاج کرام کو اس کے مناسک اور تمام رموز و اوقاف کاعلم ہونا ضروری ہے۔