counter easy hit

پیر کی گدی خطرے میں

Fake Pir

Fake Pir

تحریر : پروفیسر محمد عبداللہ بھٹی
میرے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا تھا کنپٹیاں غصے کی آنچ سے دہکنا شروع ہو گئیں تھیں جسم آتش فشاں کی طرح پھٹنے کو تیار تھا ایک جاہل مداری نما گدی نشین صبح سے اب تک اپنا رعب جما نے اور مجھے زیر کر نے کے لیے بے شمار حما قتیں اور کر تب دکھا چکا تھا اب بھی وہ ہمیں اپنے کمرہ خاص میں مداریوں کی طرح اپنے اسلاف کی زیر استعمال اشیا ء اور صدیوں پرا نے قیمتی نوادرات دکھا کر متاثر کر نے کی ناکام کو شش کر رہا تھا ۔ اِس میں کوئی شک نہیں کہ اِس کے آبائواجداد بہت نیک لو گ ہو نگے اور ان کی زیر استعمال اشیا بھی قابل احترام لیکن یہ خو د کیا تھا جو ہر گزرتے لمحے کے ساتھ نئی سے نئی حما قت کر تا جا رہا تھا۔

یقینا اپنی اِس چال سے وہ بے شمار لوگوں کواپنے دام میں پھانس بھی چکا ہو گا ۔ وہ ہر نئی چیز دکھا نے کے بعد مغرور فاتحانہ نظروں سے ہما ری طرف دیکھتا اُس کی نظروں اور چہرے پر پھیلے تا ثرات بتا رہے تھے کہ وہ ہم پر بہت بڑا احسان کر رہا تھا اہل حق اپنی تعلیمات، اعلی حقیقی کردار اور روحانی تصرف سے لوگوں کو متاثر کر تے ہیں جبکہ یہ بیوقوف ما دی چیزوں سے ہمیں قائل اور متاثر کر نے کی بھونڈی کوششوں میں لگا ہوا تھا صدیوں پرا نی اشیا ء عطر پھول اور اگر بتیوںکی ملی جلی خوشبو نے ایک خاص سحر قائم کر رکھا تھا۔

قیمتی پتھروں کی انگوٹھیاں ،سچے موتیوں کی ما لائیں پرانی زری کی قیمتی شکستہ بوسیدگی کا شکار ٹوپیاں فقیرانہ لباس پرانے برتن جھولے چارپائیاں پرانے سکے پرانی کتابیںاور قرآن مجید کے پرانے نسخے لکڑی اور دھات کے چھوٹے بڑے صندوق مر جھائے ہو ئے پھول اور پتیاں چاروں طرف بکھری ہو ئی تھیں لکڑی اور چمڑے کے پرانے جو تے مٹی کے چھوٹے بڑے برتن ۔ درج بالا تمام چیزوں سے منسوب بے شمار کرا متیں وہ بیان کر تا جا رہا تھا اب ہمیں وہ اُس حصے میں لے آیا جہاں پر بہت سارے کپڑے اور چمڑے کی جا ئے نماز پڑے ہو ئے تھے۔

Jae Namaz

Jae Namaz

اب اس نے ایک ایک جائے نماز کی قصیدہ نگاری شروع کر دی کہ یہ جا ئے نماز کس کا ہے اور اِس کی مشہور کرا مت کو نسی ہے اِس پر ایک ہی سجدہ عبادت کی چند گھڑیاں کسی بھی انسان کی کثافت کو لطافت میں بدل دیتی ہے روحانیت کے سالوں پر انے الجھے ہو ئے اسرار لمحوں میں سلجھ جا تے ہیں بصیرت کی گُتھیاں آسان ہو جا تی ہیں وہ بو لے جا رہا تھا اور ہم بیچارے سنتے جا رہے تھے اب وہ برتنوں والے حصے میں آکر برتنوں اورلو ٹوں کی کرا مات بیان کر نا شروع ہو گیا کہ اِس لو ٹے سے ایک ہی وضو زمین آسمان کے دور دراز گوشوں کو ہتھیلی کی طرح سامنے لے آتا ہے جس کا کشف وجدان اور الہام نہ کھلتا ہو وہ صرف ایک وضو اِس لو ٹے سے کر لے با طن کے سارے بند پٹ کھل جا ئیں گے ۔ لوٹوںکے بعد اب وہ برتنوں کی مدح سرائی میں مصروف ہو گیا کہ یہ مٹی کا پیا لہ اگر بھر کر سامنے رکھا جا ئے تو ایک ہی گھونٹ سے انسان زمان و مکان کی قید سے آزاد ہو جا تا ہے ساری دنیااور دنیا کے چھپے ہو ئے راز کھلی کتاب کی طرح سامنے آجاتے ہیں۔

اب وہ پرانی کر سی نما کسی چیز کے سامنے کھڑا ہو گیا اور شروع ہو گیا کہ ہما رے بزرگ ایک جگہ سے دوسری جگہ جا نے کے لیے ایسی کر سیوں کا استعمال کر تے تھے وہ سیر الارض کے مالک تھے زمین کی لگامیں کھینچ لیتے تھے ہما رے بزرگوں کے اشاروں پر دیوار یں بھی دوڑ لگا دیتی تھیں وہ کسی بھی دیوار پر بیٹھ کر گھوڑے کی طرح اُس دیوار کو حکم دیتے تووہ دیوار مطلوبہ جگہ اُن کو پہنچا دیتی اب پیر صاحب نے بہت سارے واقعات کرا متوں کی صورت میں بتا نے شروع کر دئیے کہ کس طرح اُ ن کے بزرگ اپنے مرشدوں اور مریدوں سے ملنے جا تے تھے ۔ اب انہوں نے چارپائیوں کے قصیدے پڑھنے شروع کر دئیے کہ کو ئی گنا ہ گار اِن چارپائیوں پرسونہیں سکتا اُس کی موت بھی واقعہ ہو سکتی ہے۔

اب انہوں نے مختلف ٹوپیوں کی قصیدہ نگا ری شروع کر دی ایک ٹو پی کے بار ے میں وہ فرمانے لگے کہ دنیا کی لا علاج سے لا علا ج بیماری کا علاج اِس ٹو پی کو پہن لینے میں ہے آپ کا جسم تمام روحانی جسمانی بیما ریوں سے پاک ہو جا تا ہے اب انہوں نے انگوٹھیوں کی کرا مات بتا ناشروع کردیں کہ اِن میں سے چند انگوٹھیاں ایسے با کمال پتھروں پر مشتمل ہیں کہ وہ جام جہاں نما کا درجہ رکھتی ہیں جس کسی کے پاس یہ انگوٹھی ہو تی ہے وہ اُس انگوٹھی میںساری دنیا ،اپنے مرید اور مطلوبہ نظارے دیکھ سکتا ہے کو ئی مرید بھی پیر صاحب کی آنکھ سے محفوظ نہیں اب پیر صاحب نے توجہ طلب نظروں سے میری طرف دیکھا اور کہا میں ایک ایسی چیز آپ کو دکھا نے لگا ہوں جو دنیا میں کسی کے پاس نہیں ہے اُس نے ایک پرانی ریشمی کپڑے کی تھیلی ایک صندوق سے نکالی اس میں پانچ سکے بھی نکا لے اور کہا یہ ہمارے بزرگوں کے خاص سکے ہیں۔

Coins

Coins

اِن کی خوبی یہ ہے کہ ایک سکہ ہما رے پاس رہتا تھا با قی ہم خرچ کر دیتے تھے چاروں خرچے ہو ئے سکے تھو ڑی ہی دیر میں واپس آجا تے تھے میں نے ڈرتے ڈرتے سوال کیا کہ آپ کسی سے کو ئی چیز خریدیں اور پیسے نہ دیں یہ تو چوری ہو گی یہ تو بد دیانتی ہو گی یہ تو غلط عمل ہوا میری اس جسا رت اور گستاخی پر پیر صاحب نے قہر آلودہ نظروں سے میری طرف دیکھا اور کہا اللہ والوں کے ہر عمل میں کو ئی راز ہو تا ہے جس کو عام لوگ نہیں سمجھ سکتے کیونکہ میرے صبر کا پیمانہ چھلکنے کے قریب تھا اِس لیے میںتنگ آچکا تھا مجھے اُس سے الجھن ہو رہی تھی میںاِس جا ہل پیر سے جان چھڑاناچاہتا تھا میں نے اِس سے دو سوال کر نے کا فیصلہ کر لیا تھا اِس کی اوقات یا د دلانے کا وقت آگیا تھا میںسارادن اِس کے ساتھ گزار کر اِس کی حقیقت اور مسائل سے با خبر ہو چکا تھا کہ اِس نے مجھے یہاں کیوں بلا یا ہو ا ہے میں نے اُسے تنگ کر نے کے لیے کہا کہ اگر کو ئی پیرشراب پی لے تو اُس کا یہ عمل بھی جا ئز ہو گا تو وہ بولا وہ شراب پی کر کسی دریا میںتھوک دے تو وہ دریا بھی اُس کی تھوک سے پاک ہو جا ئے گایہ سن کر میرے تن بدن میں آگ بھڑک اٹھی میں اُس کے قریب ہو گیا اور سرگوشی میں کہا تم یہ بکواس کر رہے ہو جو چیز اللہ اور سرور کا ئنات ۖ نے منع اور حرام قرار دی تم تو کیا کوئی بھی پیر اُس کو جا ئز قرار نہیں دے سکتا۔

میری گستاخی پیر صاحب سے برداشت نہ ہو ئی غصیلی نظروں سے میری طرف دیکھا اور کہا جناب آپ کچھ نہیں جانتے تو میں نے پھر آہستہ سے اُس کے کان میں کہا تا کہ کو ئی سن نہ لے پیر صاحب تمہا ری گدی خطرے میں ہے تمہا ری اولاد نہیں ہے اورنہ تم میڈیکلی اولاد پیدا کر نے کی صلاحیت رکھتے ہو روحانیت اور اعمال کی تم الف ب بھی نہیں جانتے جس لڑکی سے تم شادی کر نا چاہتے ہو وہ کبھی نہیں کر ے گی میری با تیں سن کر اُس کا چہرہ زرد پڑ گیا اُس نے تمام لوگوں کو کمرے سے باہر نکالا لوگوں کے باہر جا تے ہی میں نے کہا تمہا ری یہ ساری چیزیں تمہا ری مدد کیوں نہیں کر سکتیں اِس کی وجہ یہ ہے کہ اِس ساری کائنات کا مالک صرف ربِ کائنات ہے پو ری کا ئنات اُس کے قبضے میں ہے اِن چیزوں میں نہیں ۔اگر اِن چیزوں میںاتنی ہی کرامات ہیں تو مانگو اِن سے پیر صاحب کا سارا غرور ختم ہو چکا تھا۔

اب وہ منت سماجت پر اُتر آیا کہ اگر اولاد نہ ہو ئی اور میں نے دوسری شادی نہ کی تو ہما ری گدی شدید خطرے میں پڑ جا ئے گی جب اولاد پیدا کر نے کی صلاحیت تم میں نہیں تو کیوں کسی لڑکی کی زندگی برباد کر نا چاہتے ہو تو وہ بولا اُس کی بہت بڑی جا گیر ہما رے خاندان میں آجا ئے گی ۔ اگر تم اللہ تعالی کے سامنے خلوص ِ نیت سے جھک جا ئو تو وہ ہی تمہیں اِس مشکل سے نکال سکتا ہے پیر صاحب مجھے بہت تر غیبات دیتے رہے لیکن میرا دم گھٹ رہا تھا میں نے جان چھڑائی اور گاڑی میں آکر بیٹھ گیا لاہور واپس آتے ہو ئے میں سوچ رہا تھا پتہ نہیں کب تک ان عظیم لوگوں کی گدیوں پر اِن جعلی بے عمل پیروں کا قبضہ رہے گا۔

PROF ABDULLAH BHATTI

PROF ABDULLAH BHATTI

تحریر : پروفیسر محمد عبداللہ بھٹی
help@noorekhuda.org
03004352956