اسلام آباد: حویلیاں طیارے حادثے میں جاں بحق ہونے والی ائیر ہوسٹس صدف فاروق کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقےکلرسیداں میں ادا کردی گئی ہے۔
یس نیوز کے مطابق حویلیاں طیارے حادثے میں جاں بحق ہونے والی ائیرہوسٹس کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے کلرسیداں میں ادا کردی گئی ہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمزاسپتال ڈاکٹر الطاف کے مطابق ائیرہوسٹس صدف فاروق کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے بجائے ان کے لواحقین نے کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 47 افراد میں سے 10 افراد کی لاشیں ان کے لواحقین کے حوالے کردی گئیں ہیں، چین سے تعلق رکھنے والے ہان کیانگ کے بھائی ہان وی کے خون کے نمونے حاصل کرلئے گئے ہیں اور ڈی این اے ٹیسٹ سے شناخت کے بعد چینی باشندے کی لاش ان کے ورثا کے حوالے کردی جائے گی جبکہ دیگر 2 غیر ملکیوں کی شناخت کا عمل ابھی باقی ہے۔
ڈاکٹر الطاف کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے جن افراد کے لواحقین کے خون کے نمونہ جات حاصل کرلئے گئے ہیں ان کے ڈی این اے ٹیسٹ کا عمل جلد مکمل کرکے میتیں ورثا کے حوالے کردی جائیں ان کا کہنا تھاکہ مرنے والوں کو اگر ان کے لواحقین نے ڈی این اے کے بغیر ہی شناخت کرلیا تو ان کو ڈی این اے کے بغیر ہی لاشیں دے دی جائیں گی۔