راولپنڈی: پی آئی اے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے مزید دو افراد کی شناخت ہو گئی ہے جس کے بعد میتیں ان کے ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
یس نیوز کے مطابق جنید جمشید کی اہلیہ نیہا جمشید اور حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے کیپٹن صالح جنجوعہ کی میتوں کی شناخت ان کے دانتوں کے ذریعے کی گئی جس کے بعد دونوں افراد کی میتوں کو ان کے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔جنید جمشید کی اہلیہ نیہا کی میت ان کی والدہ نے وصول کی جب کہ کیپٹن صالح کا جسد خاکی ان کی بہن کے حوالے کیا گیا۔ کیپٹن صالح جنجوعہ کی نماز جنازہ ریس کورس پارک راولپنڈی میں ادا کی گئی جس میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما راجہ ظفرالحق اور پی آئی اے کے عملے سمیت بڑی تعداد میں اہل علاقہ نے شرکت کی جب کہ نیہا جنید کی نماز جنازہ کل لاہور میں ادا کی جائے گی۔دوسری جانب وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے 10 افراد کی شناختہو چکی ہے، دو کی شناخت ان کے دانتوں کے ذریعے جب کہ 8 میتوں کی شناخت ان کے چہروں کے ذریعے ہوئی۔