پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے کھلاڑیوں کو پش اپس کرنے سے روک دیا ہے اور اب ٹیم میں پش اپس کا سلسلہ بند ہو گیا ہے
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں حکومتی رکن رانا افضل نے قومی کھلاڑیوں کے پش اپس لگانے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی جیت کر تو پش اپس لگاتے ہیں لیکن ہارنے پر خاموش کیوں ہو جاتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی پش اپس لگا کر کس کو پیغام دے رہے ہیں ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے کاکول میں پاک فوج سے تربیت حاصل کی اور پش اپس کا مقصد پاک فوج کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا جب کہ مصباح الحق نے سنچری بنانے کے بعد اپنی فٹنس ثابت کرنے کے لئے پش اپس لگائے اور دیگر کھلاڑیوں نے انہیں فالو کیا لیکن اب کھلاڑیوں کے پش اپس لگانے پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کی ڈرا فٹنگ تقریب میں کئی کور کمانڈرز کو بھی مدعو کیا گیا، لیکن انہوں نے شرکت نہیں کی ۔ کورکمانڈرز کراچی نے کہا کہ پی ایس ایل کو کراچی لے آئیں سکیورٹی ہم دینگے ۔ آئرلینڈ کو پاکستان لانے کی بات کی تو وزیر اعظم نے کہا کہ آپ کو اندر کی بہت سی باتوں کا نہیں پتا، دیکھ بھال کر فیصلے کریں ۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ میں پش اپ لگانے کا سلسلہ اُس وقت شروع ہوا جب قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے انگلینڈ کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار سنچری کے بعد سیلیوٹ کر کے 10 پُش اپس لگائے تھے ۔ مصباح کے پش اپ کے بعد دیگر کھلاڑیوں نے بھی ان کو فالو کرتے ہوئے پش اپ لگائے ۔