اسلام آباد(ایس ایم حسنین) وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے کئے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بھر پور انداز میں بے نقاب کیا ہے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ بھارت بین الاقوامی مبصرین اور صحافیوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں کنٹرول لائن کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دے رہا۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں دنیا میں بڑھتے ہوئے اسلام مخالف رجحان پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو خصوصاً بھارت میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم نے حضرت محمد ۖ خاتم النبین کے توہین آمیز خاکوں کے مقابلے پر مسلمانوں کے جذبات کو بھی اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے تاریخی بابری مسجد کو شہید کیا گیا اور بھارتی عدالت نے تمام ملزمان کو بری کیا ہے وہ بھی قابل مذمت ہے۔