وزیراعظم نواز شریف عرب اسلامک امریکن سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے، دفتر خارجہ کا کہنا ہے وزیراعظم کی مصروفیات کے باعث ان کی سائیڈ لائن ملاقاتوں کے امکانات بہت کم ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر سعودی عرب گئے ہیں جہاں سعودی عرب میں امریکا، عرب اسلامی سربراہی کانفرنس منعقد کی جارہی ہے۔کانفرنس میں 55 مسلم ممالک کے سربراہ شریک ہوں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی شیک ہینڈ کا امکان ہے، تاہم مصروفیات کے باعث وزیراعظم کی سائیڈ لائن ملاقاتوں کے امکانات معدوم ہیں۔
وزیراعظم کانفرنس سے خطاب میں اسلام کے امن وسلامتی اور برداشت کے پیغام کو اجاگر کریں گے، ساتھ ہی پاکستان کی جانب سے خطے میں دہشت گردی وانتہا پسندی کے خاتمے کے اقدامات اور قربانیوں کا ذکر کریں گے۔ اپنے دورے میں وزیراعظم روضہ رسولﷺ پر بھی حاضری دیں گے۔