اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت سرمایہ کاروں کے لئے دوستانہ ماحول فراہم کررہی ہے جس کے نتیجے میں پاکستان میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔
وزیراعظم عمران خان سے غیرملکی مشروب کمپنی کے وفد نے ملاقات کی، کمپنی کے وفد میں ایشیا مڈل ایسٹ اورنارتھ امریکا کے نمائندگان بھی شریک ہیں۔ وفد نے پاکستان میں اربوں ڈالرسرمایہ کاری کی خواہش کا اظہارکرتے ہوئے بتایا کہ 5 سال میں 1 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری پاکستان میں کریں گے۔
کمپنی کے وفد نے وزیراعظم کو سرمایہ کاری میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پروزیراعظم نے سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت سرمایہ کاروں کے لئے دوستانہ ماحول فراہم کررہی ہے اورسرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان میں روزگارکے مواقع بڑھیں گے۔