رحیم یار خان میں وزیراعلیٰ پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت مصوری اورموسیقی کے آڈیشن ہوئے، اس موقع پر گلوکار بننے کی خواہش مند طالبات نے بھی گلوکاری کے جوہر دکھائے۔
محکمہ اطلاعات و ثقافت کے زیر اہتمام بہاولپور آرٹ کونسل کی جانب سے ’بنو پاکستان‘ کے موضوع کے تحت آڈیشن برائے مقابلہ موسیقی منعقد کیا گیا ۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ پریس کلب کے آڈیٹوریم میں آڈیشن لیے گئے، جس کا مقصد نوجوانوں کی فنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا ۔ پہلے روز موسیقی میں حصہ لینے والے 37 امیدواران نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، ماحول دیکھ کر طالبات بھی گنگنا اٹھیں۔ مصوری میں 16 امیدواروں نے پینٹنگز بناکر ججوں کے سامنے پیش کیں، پوزیشن ہولڈرز کو بالترتیب پانچ ، تین اور دو لاکھ روپے انعام سے نوازا جائے گا۔