وزیر اعظم نواز شریف کل کراچی میں گرین لائن ریپڈ بس سروس کا سنگ بنیاد رکھیں گے، منصوبے پر 16 ارب روپے لاگت آئے گی اور 1 سال کے عرصے میں مکمل کیا جائے گا۔
اسلام آباد: (یس اُردو) ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کل کراچی میں گرین لائن ریپڈ بس سروس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ 17 کلو میٹر طویل بس منصوبے پر 16ارب روپے لاگت آئے گی جبکہ منصوبہ 1سال میں مکمل کر لیا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ گرین لائن ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم ملک کا پہلا تیز ٹرانزٹ سسٹم ہے جس کے لئے فنڈز وفاقی حکومت فراہم کر رہی ہے۔ترجمان وزیر اعظم ہاؤس نے مزید کہا کہ گرین لائن بس منصوبہ ٹرانسپورٹ نظام میں سنگ میل ہو گا جو کراچی کے شہریوں کو سستی سفری سہولیات مہیا کرے گا جب کہ منصوبہ شہر قائد میں ٹرانسپورٹ نظام سے دباؤ کم کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ گرین لائن بس کا منصوبہ سرجانی ٹاؤن سے شروع ہو کر میونسپل پارک ایم اے جناح روڈ پر ختم ہو گا۔ ترجمان کے مطابق منصوبے سے روزانہ 3 لاکھ مسافر مسفید ہونگے۔