چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانا محمد خان شیرانی نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی پر غیر اسلامی قانون پاس کرنے پر آرٹیکل 5 اور 6 لاگو ہوتا ہے، نام مسلم لیگ ہو اور کام کوئی اور تو یہ غیر مناسب ہے۔
اسلام آباد: (یس اُردو) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانا محمد خان شیرانی نے اسلام آباد میں کونسل اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی قوانین سے متعلق مسائل ہمیشہ مسلم لیگ کے دور میں آتے ہیں۔ خیبر پختونخوا نے نسواں بل اسمبلی سے پاس کرنے سے پہلے کونسل کو بھیج کر اچھی روایت قائم کی، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے دونوں قوانین میں رشتوں کا کوئی ذکر نہیں۔ نئے نسواں قوانین کا مقصد رشتوں کی اہمیت کو ختم کرنا اور خواتین کو بے گھر کرنا ہے، پنجاب اور کے پی حکومت خاندانوں کی حفاظت کا قانون بنائے، حکومتیں اور اسمبلیاں قرآن و سنت اور آئین کے مطابق قوانین بنائیں، ہم نے خیبر پختونخوا کے بل اور پنجاب کے قانون کو غلط قرار دیا ہے۔