اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے وفد کے اعزاز میں صدر مملکت ممنون حسین کی طرف سے ڈنر۔ وفد میں پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے صدر چوہدری محمد ریاض، سنیئر نائب صدر راجہ منظور جنجوعہ اور سیکریٹری انفارمیشن زاہد مصطفی اعوان شامل تھے۔
اس عشائیہ میں پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خان ،مرکزی رہنما راجہ سلیمان عباسی، نوجوان دانشور افنان اللہ خان اور صدر مملکت کے بیٹے بھی شریک ہوئے فرانس کے وفد کی صدر مملکت سے ملاقات اور ڈنر ساڑھے تین گھنٹے تک جاری رہا اور صدر مملکت نے کھل کر سیکورٹی ایشوز اور ملکی امور پر بات چیت کی۔
صدر ممنون حسین نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ اگر ہمارے پر وسائل ہوں تو عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے کیونکہ پاکستانی عوام غربت کی چکی میں پس رہے ہیں لیکن ہم ایک غریب ملک ہیں اور ہمارے پاس وسائل کی کمی ہے۔اس ملاقات میں صدر ممنون نے سیاسی امور کی بجائے ملکی سلامتی اور خوشحالی کے امور پر بات کی۔ ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام وسائل کو استعمال کرنے اور پاکستان کو ایک اسلامی فلا حی ریاست بنانے کے بارے میں اپنی دلی خواہش کا اظہار کیا۔
سینیٹر مشاہد اللہ خان اس موقع پر حکومت کو درپیش چیلنجز ، ملک میں جاری توانائی اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ اگر ہماری حکومت کو پانچ سال سکون سے کام کرنے دیا گیا تو پاکستان کو ترقی اور خوشحال کی منزل پر گامزن کرکے چھوڑیں گے۔ انہوں نے خیبر پختونخواہ میں حویلیاں کے مقام پرکامیاب ترین جلسہ کرنے کے بارے میں کہا کہ یہ جلسہ بغیر کسی پیشگی پلاننگ کے کیا گیا لیکن پھر بھی اس میں عوام کا ایک جم غفیر امڈ آیا تھا جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں بھی مسلم لیگ اور حکومت کی جڑیں مضبوط ہیں اور عوام ہماری کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں مسلسل دو ماہ سے بیس فیصد کے قریب کمی سے عوام کے اندر خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور ہر طبقہ مہنگائی میں کمی پرحکومتی اقدام پر مسرت کا اظہار کررہا ہے۔پاکستان کی تاریخ میں پیٹرولیم مصنوعات میں اتنی بڑی کمی کبھی نہیں دیکھی گئی۔حکومت کی طرف سے ملنے والے ریلیف سے غریب طبقے کو زیادہ فائدہ ہوا ہے۔