سکھر: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی حکومت وفاق کی دشمن ہے اور چھوٹے صوبوں میں نفرت پیدا کررہی ہے۔
روہڑی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہم سیاست کرتے ہیں منافقت نہیں لیکن نوازشریف کی حکومت وفاق کی دشمن ہے اور چھوٹے صوبوں میں نفرت پیدا کرر ہی ہے، سندھ میں سپرہائی وے کو چوڑا کرکے کہا گیا موٹر وے ہے، صوبے میں لوڈشیڈنگ 12 سے 14 گھنٹے تک ہورہی ہے، اسلام آباد میں کچھ بھی ہو چوہدری نثار اسے صحیح کہتے ہیں لیکن سندھ میں کچھ بھی ہوتو ان کی مذمت آجاتی ہے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ فوجی جوانوں نے بڑی محنت سے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کو پکڑا لیکن عالمی عدالت کے فیصلے سے بھارتی جاسوس کو پکڑنے والے فوجی جوان مایوس ہوئے، کلبھوشن کے معاملے پر حکومت کو بہت بڑی ناکامی ہوئی اور عالمی انصاف عدالت کا فیصلہ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اقوام متحدہ گئے مگرکلبھوشن سے متعلق کچھ نہ بولے اور اس کے بعد جندال نواز ملاقات نے شبہات مزید بڑھا دیئے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں سندھ میں ترقی نہیں ہورہی، صالح پٹ پہلے ریگستان تھا لیکن آج وہاں 7 کاٹن فیکٹریاں ہیں جن سے ہزاروں لوگوں کو روزگار ملا، کوشش ہے لوگوں کو روزگار فراہم کیا جائے، میں نہیں چاہتا علاقے میں لوگ بھوکے اور بے روزگار مریں، میں کسی زمیندار یا سرمایہ دار کا بیٹا نہیں ہوں میں نےخود بھی محنت مزدوری کی ہے، میں مزدوروں کے درد کو سمجھتا ہوں، اس لئے حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ آئندہ بجٹ میں تنخواہوں میں 30 سے 35 فیصد اضافہ کیا جائے۔