چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 میں مسلم لیگ (ن) ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
این اے 120 میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں 2 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔ وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کے کمیشن کے سامنے پیش نہ ہونے پر چیف الیکشن کمشنر نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومتی جماعت نے ضابطہ اخلاق کو ‘گپ’ بنا رکھا ہے۔ سردار محمد رضا نے کہا کہ بلال یاسین لاہور ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور اگر حکومتی جماعت ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرے گی تو باقی لوگ بھی کریں گے۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ بلال یاسین خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تو نااہلی کے لئے شوکاز جاری کریں گے۔ الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کی ریلی میں شرکت کرنے پر بلال یاسین سے7 ستمبر تک ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جواب طلب کرلیا۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 30 اگست کو موہنی روڈ پر کلثوم نواز کے لئے نکالی گئی ریلی میں شرکت کرنے پر وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کو آج طلب کیا تھا۔ الیکشن کمشن کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ کسی کو بھی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور خلاف ورزی کی صورت میں بھرپور کارروائی کی جائے گی۔