لاہور: حسن عسکری کی بطور نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب تقرری کے ساتھ ہی ن لیگ کے رہنماو¿ں نے اپنے تحفظات کا اظہار کر نا شروع کردیا ہے۔
سابق وزیر قانون پنجاب راناثنااللہ کا کہنا ہے کہ حسن عسکری سے غیر جانبدار اور میرٹ پر کام کی توقع نہیں کی جاسکتی جبکہ حنیف عباسی بولے حسن عسکری ٹاک شوز میں ہمارے خلاف بولتے ہیں وہ ایک غیر جانبدار شخص نہیں ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیراعلی پنجاب کے اعلان کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنماو¿ں کی جانب سے انہیں تنقید کا سامنا ہے ۔نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو میں سابق وزیر قانون پنجاب راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ حسن عسکری کی بطور نگراں وزیر اعلیٰ تقرری پر تحفظات ہیںاور ان کی تقرری پر تحریری طورپر تحفظات سے آگاہ کردیا ہے ان کے اقدامات کو چیلنج کرسکتے ہیں،بدقسمتی ہے جس شخص نے ایک اسکول نہیں چلایا وہ صوبہ چلائے گا۔ ان کا مز ید کہنا تھا کہ حسن عسکری سے غیر جانبدار اور میرٹ پر کام کی توقع نہیں کی جاسکتی،انھوں نے ہمیشہ مسلم لیگ ن کی قیادت کوتنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔رانا ثنااللہ کا مزید کہنا تھا کہ حسن عسکری جمہوریت پر یقین نہیں رکھتے وہ مسلم لیگ ن کی قیادت کےخلاف باتیں کرتے رہے ہیں۔دوسری طرف کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لئے آئے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ حسن عسکری کی بطور نگراں وزیر اعلیٰ تقرری پر
تحفظات ہیں وہ ایک غیر جانبدار شخص نہیں ہیں،ٹاک شوز میں ہمارے خلاف بولتے ہیں۔ریحام خان سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھاکہ گھر کے بھیدی نے لنکا ڈھا دی ن لیگ درمیان میں کہاں سے آ گئی؟ ریحام کی کتاب میں جولکھا گیاپی ٹی آئی اسے جھوٹ ثابت کرے، اب نکاح اورطلاق کاالزام بھی (ن)لیگ پرلگایاجائےگا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ کی ساری ذمہ داری نگران حکومت پر ہے،ہماری حکومت نے 11 ہزارمیگاواٹ بجلی نظام میں شامل کی۔ واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ کا نام زیر غور آیا۔ الیکشن کمیشن ممبرز نے حکومت کی جانب سے تجویز کردہ ایڈمرل (ر) ذکاءاللہ اور جسٹس (ر) سائر علی کے ناموں پر غور کیا ۔ اس کے علاوہ اپوزیشن کے ناموں ایاز امیر اور پروفیسر حسن عسکری رضوی کے ناموں پر بھی غور کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن حکام کے مطابق آرٹیکل 224 کے تحت الیکشن کمیشن ممبرز نے پروفیسر حسن عسکری رضوی کو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کردیا ہے۔ پروفیسر حسن عسکری کا نام متفقہ طور پر منظور کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ پروفیسر حسن عسکری رضوی کا شمار پاکستان کی نامور علمی شخصیات میں ہوتا ہے وہ مختلف اخبارات، جرائد میں مایہ ناز مبصر کے طور پر جانے اور پہچانے جاتے ہیں جبکہ قومی و بین الاقوامی جامعات میں تدریسی فرائض بھی سرانجام دے چکے ہیں۔