جہلم / میانوالی / گجرات/فیصل آباد(یس اردو نیوز) پنجاب کے بلدیاتی الیکشن میں ن لیگ نے میدان مار لیا، فیصل آباد کا معرکہ رانا ثنا للہ گروپ نے سر کیا، نوید الحق آرائیں ملتان ، شیخ ثروت اکرم گوجرانوالہ کے میئر منتخب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں مجموعی طور پر ن لیگ نے میدان مار لیا ہے ، فیصل آباد کے اہم الیکشن میں رانا ثنا اللہ گروپ نے کامیابی حاصل کی ، ملک رزاق میئر اور چودھری زاہد نذیر چیئرمین بن گئے۔
ملتان میں نوید الحق آرائیں اور گوجرانوالہ میں شیخ ثروت میئر منتخب ہو گئے ہیں ، اٹک میں چودھری نثار کے بھانجے کو شکست ہوئی ، چودھری شجاعت کی بھانجی ایمان طاہر چیئرمین منتخب ، گوجر خان میں محمد شاہد ، میاںوالی میں ن لیگ کے حمایت یافتہ حاجی عبدالکریم چیئرمین منتخب ہوگئے۔
جڑانوالہ میں ن لیگ کے رائے مصطفیٰ نے فتح حاصل کی ، ڈیرہ غازی خان میں حکومتی گروپ کے شاہد حمید میئر بن گئے ۔
ٹیکسلا میں مسلم لیگ ن کے سید محمود شاہ چیئرمین منتخب ہوگئے ، ن لیگ کے ذیشان بٹ وائس چیئرمین منتخب ہونے میں کامیاب ہوگئے ، فیصل آباد میں محمد رزاق ملک 134 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ، شیر علی گروپ کے مخالف امیدوار شیراز کاہلوں کو 48 ووٹ ملے۔
جہلم میں مسلم لیگ ن کے باغی گروپ نے کامیابی حاصل کر لی ، راجا قاسم علی 34 ووٹ لے کر چیئرمین منتخب ہوگئے۔
چنیوٹ میونسپل کمیٹی کے انتخابات میں لیگی دھڑے قیصر محمود جاپان والا کے امیدوار کامیاب ہوگئے ، حاجی مہر خالد چیئرمین اور حاجی محمد زاہد وائس چیئرمین منتخب ہوگئے ، لیگی امیدواروں نے 24 ووٹ حاصل کیے۔
ڈیرہ غازی خان سے ن لیگ کے ہاتھوں ن لیگ کو شکست ہوئی ، شاہد چانڈیو ضلعی چیئرمین منتخب ، ایم این اے نے ایم پی کو ایک ووٹ سے شکست دے کر کامیابی کرلی ۔
گجرات میں ضلعی چیئرمین کی نشست پر مسلم لیگ ن کے امیدوار چودھری تنویر علی 77 ووٹ لے کر ضلعی چیئرمین منتخب ہوگئے ، مسلم لیگ ق کی امیدوار سمیرا الٰہی نے 63 ووٹ حاصل کیے۔