راولپنڈی (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرا عظم مہنگائی کا نوٹس لینے کے بجائے استعفیٰ دیں،عمران صاحب اب نوٹس لینے سے نہیں صرف آپکے استعفیٰ دینے سے ہی ملک چلے گا،
قوم نے آپ کی نالائقی اور نااہلی کا نوٹس لے لیا اب آپ کے گھبرانے کا وقت ہوگیا ہے۔ آپ کی اپنی نالائقی، نااہلی، معاشی پلان اور وژن کی عدم موجودگی ملک میں مہنگائی و معاشی تباہی کی اصل وجوہات ہیں۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران صاحب ملک نواز شریف اور شہبا شریف کے حوالے کریں ،معیشت ٹھیک ہو جائے گی، نوجوانوں کو روزگار ملنا شروع ہو جائیگا۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے سابق صوبائی وزیر رکن اسمبلی رانا ثناء اللہ کو ڈرگ لارڈ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف ثبوت موجود ہیں ، گواہوں کی جان کو خطرات لاحق ہیں،چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مقدمے کو لاہور سے راولپنڈی منتقل کریں ،راناثنا اللہ کی ذرائع آمدنی کا کچھ پتہ نہیں۔اربوں روپے کہاں سے آئے؟ اے این ایف جیسے ادارے کا میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے، ملز م کا ٹرائل نہیں ہورہاہے ،آئین کے مطابق وردی پہننے والی فورس کو پارلیمنٹ میں بھی تنقید کا نشانہ نہیں بنایا جاسکتا۔ ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ میکسیکو کا ڈرگ لارڈ ایل چیپوہے ، پاکستان کا رانا ثنااللہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اے این ایف نے رانا ثنا کو 15 کلو ہیروئن سمیت گرفتار کیا، رانا ثنا اللہ کے خلاف ثبوت اور گواہ موجود ہیں، دفعہ 342 کے تحت ملزمان کے بیانات قلمبند کیے گئے،اے این ایف اور دیگر ادارے ملزموں کو سزا نہیں دے سکتے، ان کے خلاف ثبوت عدالت میں پیش کر دئیے۔ انہوں نے کہاکہ راناثنا اللہ کی ذرائع آمدنی کا کچھ پتہ نہیں، انہوں نے تو اپنے اثاثوں کو بھی کلیئر نہیں کرایا، رانا ثنااللہ کے پاس اربوں روپے کہاں سے آئے۔