کویت سٹی (کامران غنی) معروف شاعر افروز عالم سہ روزہ ادبی دورے پر 11 اکتوبر کو استنبول پہنچیں گے۔ یہاں وہ ”کویت میں اردو کی صورت حال : مسائل و امکانات” کے موضوع پر اپنا مقالہ پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ استنبول یونیورسٹی میں شعبہ اردو کے قیام کو اس سال ایک صدی مکمل ہو رہی ہے۔ اس حوالے سے یونیورسٹی میں صد سالہ جشن اردو منایا جا رہاہے۔ 12 سے 14 اکتوبر کو یونیورسٹی میں انٹرنیشنل سمپوزیم رکھا گیا ہے، جس میں 17 ممالک کے تقریباً 100مندوبین شریک ہوں گے۔
افروز عالم اس سمپوزیم میں کویت میں اردو کے تعلق سے اپنا مقالہ پیش کریں گے۔ اس سے قبل ”کویت میں ادبی پیش رفت” کے عنوان سے افروز عالم کی کتاب منظر عام پر آ چکی ہے۔ کویت میں اردو کے تعلق سے افروز عالم کے تحقیقی کاموں کی دنیا بھر میں پذیرائی ہوئی ہے۔ استنبول یونیورسٹی نے انھیں اعزاز سے نواز کر ان کی تحقیقی کاوشوں کو سراہا ہے۔
سہ ماہی دربھنگہ ٹائمس کے مدیر ڈاکٹر منصور خوشتر اور اردو نیٹ جاپان کے مدیر اعزازی کامران غنی صبا نے افروز عالم کو ان کی کتاب ”کویت میں ادبی پیش رفت” کی اشاعت اور ان کے ترکی دورے کے لیے مبارکباد پیش کی ہے۔