پٹنہ (کامران غنی) ”بزم غزل” نے واٹس ایپ پر بین الاقوامی مشاعرہ کا انعقاد کر کے تاریخ رقم کی ہے۔ علمی و ادبی حلقوں میں اس مشاعرہ کی بازگشت اب تک سنائی دے رہی ہے۔ کامیاب بین الاقوامی مشاعرہ کے انعقاد کے لیے منتظمین مشاعرہ خاص طور سے بہار ریاستی گیت کے خالق ایم آر چشتی، دوحہ قطر میں مقیم معروف شاعر احمد اشفاق، دربھنگہ ٹائمس کے ایڈیٹر ڈاکٹر منصور خوشتر اور اردو نیٹ جاپان کے اعزازی مدیر برائے ہندوستان کامران غنی صبا مبارکباد کے مستحق ہیں۔
ان خیالات کا اظہار سابق صدر شعبہ اردو پٹنہ یونیورسٹی اور ڈپٹی ڈائرکٹر ڈی ڈی ای ، پٹنہ یونیورسٹی پروفیسر اسرائیل رضا نے کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ 10 اگست کو ”بزم غزل’ کی جانب سے ایک بین الاقوامی آن لائن مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا تھا جس کی صدارت دوحہ قطر میں مقیم معروف شاعر احمد اشفاق نے کی تھی اور نظامت کا فریضہ کامران غنی صبا نے انجام دیا تھا۔
اس مشاعرہ کی پزیرائی کا سلسلہ اب تک جاری ہے۔ اپنی نوعیت کے اس منفرد مشاعرہ میں ہندوستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے شعرا و شاعرات اور سامعین و ناظرین نے شرکت کی تھی۔ مشاعرہ کی کامیبابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ مشاعرہ ختم ہونے کے بعد بھی دیر رات تک سامعین کی داد و تحسین اور تبصرے آتے رہے۔ باذوق سامعین و ناظرین کے مسلسل اصرار اور فرمائش پر ‘بزم غزل’ کے منتظمین نے یوم آزادی کی مناسبت سے15 اگست کو رات دس بجے (ہندوستانی وقت کے مطابق) ایک خصوصی مشاعرہ کا اہتمام کیا ہے۔
اس مشاعرہ میں شعرا و شاعرات سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ جذبۂ حب الوطنی اور امن و خیر سگالی کو فروغ دینے والے کلام پیش کریں۔ باہر کے شعرااگر اس مشاعرہ میں شریک ہونا چاہیں تو ایک قطع اور اپنی ایک تصویر منتظمین مشاعرہ کو ارسال کر دیں۔ وقت اور گنجائش کو دیکھتے ہوئے ان کے کلام کو مشاعرہ میں شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
منتظمین بزم غزل نے اس ماہ کے آخر میں ایک آن لائن بین الاقوامی طرحی مشاعرہ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔اس مشاعرہ میں پیش کئے جانے والے کلام کو کتابی صورت میں شائع کرائے جانے کی تجویز ہے۔ مکمل تفصیلات جلد ہی اخبارات کے ذریعہ پیش کی جائیں گی۔