کراچی: سندھ پولیس عید کے موقع پر بھی شہدا کے اہل خانہ کو نہیں بھولی، ڈیڑھ ہزار سے زائد شہدا کے اہل خانہ کے درمیان قیمتی کپڑے اور 5 ہزار روپے تقسیم کیے جائیں گے۔
سندھ پولیس کے شہدا کے اہل خانہ میں ہر سال کی طرح اس سال بھی عید کے تحائف تقسیم کیے جائیں گے لیکن یہ پہلا موقع ہوگا کہ عیدی کا اتنے بڑے پیمانے پر اہتمام کیا گیا ہے، اے آئی جی ویلفیئر ایس ایس پی کیپٹن ریٹائرڈ غلام اظفر مہیسر نے ایکسپریس کو بتایا کہ سندھ پولیس کے ایک ہزار 510 شہدا ہیں جن کے اہل خانہ کے درمیان عید الفطر کے پرمسرت موقع پر تحائف تقسیم کیے جاتے ہیں ، گزشتہ برس تک ایک سوٹ اور ڈھائی ہزار روپے دیے جاتے تھے لیکن اس سال عیدی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ لیڈیز کے 2 سوٹ اور 2 مردانہ سوٹ، 5 ہزار روپے چیک کے ہمراہ ہر شہید کے اہل خانہ کو دیے جائیں گے، کراچی رینج کے شہدا میں ڈی آئی جی دفاتر میں تقاریب منعقد ہوں گی اور باعزت طریقے سے تمام اہل خانہ میں یہ تحائف تقسیم کیے جائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ سندھ کے دیگر اضلاع میں آج (اتوار) سے عیدی کے یہ تحائف سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) سے متعلقہ اضلاع میں روانہ کیے جائیں گے۔
غلام اظفر مہیسر کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر عیدی کا اہتمام کیا گیا ہے ، اس عیدی پر سوا کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے ، انھوں نے کہا کہ عیدی کی تقسیم کے تمام معاملات کی نگرانی وہ خود کررہے ہیں۔