مردان میں عبدالولی خان یونیورسٹی کے ہاسٹلز میں پولیس آپریشن کے دوران اسلحہ اور منشیات بر آمدکرلی گئیں۔
ڈی پی او مردان کے مطابق یونیورسٹی میں ہاسٹلز کے مختلف کمروں سے دو ایس ایم جیز، چار پستول، دس میگزین ،گولیاں اور منشیات برآمد کی گئی۔ ڈی پی او کے مطابق آپریشن کے دوران آئس، شیشہ، 200 گرام چرس اور دیگر نشہ آور اشیاء بھی برآمدکی گئی ہیں۔ دوسری جانب مردان میں مشال خان کے قتل کے بعد سے بند یونیورسٹی کے مین کیمپس میں تعلیمی سلسلہ 40 روز بعد بحال ہوگیا ہے تاہم یونیورسٹی کا گارڈن کیمپس تاحال بند ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق عبد الوالی خان یونیورسٹی کھولنے کا فیصلہ سنڈیکیٹ کمیٹی کے اہم اجلاس میں کیا گیا۔ یونیورسٹی کا شنکرکیمپس 24 مئی اور گارڈن کیمپس 25 مئی کو کھولا جائے گا۔ مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی 13 اپریل کو مشال خان کے قتل کے بعد سے بند تھی۔