کالعدم تنظیموں کے کمانڈرز اور دہشت گردی کے واقعات میں مطلوب 452 سرگرم ارکان کی فہرستیں تیار کرکے پولیس اسٹیشنوں کو ارسال کردی گئی ہیں، مطلوب افراد کی فہرستیں نیشنل ایکشن پلان کے تحت تیار کی گئی ہیں۔
جیو نیوز کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق پشاور پولیس کو مختلف مقدمات اور دہشت گرد کارروائیوں میں مطلوب 452 افراد کی فہرست تیار کی گئی ہے، تیار کردہ فہرستیں مختلف تھانوں کو بھجوادی گئی ہیں۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فہرستیں قومی ایکشن پلان پرعملدرآمد کرنے کے لئے بنائی گئی فہرست میں 203 مطلوب افراد کو اے، بی اور سی کیٹیگریزمیں تقسیم کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق کیٹیگری اے میں سرگرم 75 دہشت گردوں کو شامل کیا گیا ہے جو براہ راست کالعدم تنظیموں کا حصہ اور دہشت گردی میں ملوث ہیں۔کیٹیگری بی میں دہشت گردی سے روابط رکھنے والے 45 ملزمان شامل ہیں جبکہ کیٹیگری سی میں 83 مشتبہ دہشت گرد شامل ہیں۔دستاویزات کے مطابق 249 مطلوب افراد کو تاحال کسی کیٹیگری میں شامل نہیں کیا گیا۔