کراچی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان پر عائد کیے جانے والے الزامات کے خلاف امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی ریلی پرتشدد رخ اختیار کرگئی۔
یس اردو نیوز کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر آئی ایس او کے کارکنان اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوگئی، مظاہرین رکاوٹیں ہٹاکر آگے بڑھنا چاہتے تھے تاہم پولیس نے انہیں روکنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔ پولیس کے لاٹھی چارج کے بعد مظاہرین بھی مشتعل ہوگئے اور انہوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔
اطلاعات کے مطابق مظاہرین امریکی قونصل خانے کی جانب جانا چاہتے تھے تاہم انہیں پولیس کی جانب سے روکا گیا، پہلے مذاکرات کے ذریعے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی گئی تاہم بات چیت ناکام ہونے کے بعد پولیس نے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ شروع کردی۔ تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔