لندن برطانیہ (تیمور لون) جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما جناب شوکت مقبول بٹ نے اخباری نمائندوں سے خصوصی گفتگو کے دوران جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کی مرکزی قیادت کی جانب سے اپنی ذات پر کئے جانے والے بھرپور اعتماد کے بار بار اظہار پر قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ JKNLC اورJKNAP کے ادغام کا فیصلہ ایک تاریخ ساز عمل تھا جس کے پیچھے با شعور سیاسی کارکنوں کی نہ صرف شدید خواہش بلکہ طویل اور صبر آزما کاوشیں بھی کارفرما ہیں۔مشترکہ جدوجہد کے اس عمل سے وطن عزیز میں پہلی مرتبہ توڑ پھوڑ اورسیاسی ابتری کے پسماندہ عمل کو ترک کرتے ہوئے، سنجیدہ فکر احباب نے سیاسی بلوغت کا مظاہرہ کرتے ہوئے باہمی اتحاد کے عمل کو وطن دوست کارکنوں میں مثال کے طور پر رقم کیا۔
یقینا اس تاریخی عمل کے دور رس اثرات سے اہل وطن ضرور ثمر آور ہونگے صرف حالات کی نا مساعدہ حالات سے گھبراہٹ اور جدو جہد کی مشکلات سے پائے استقلال میں لغزش نہیں آنی چاہئے۔ ہماری کاوش ہے کہ جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کو ریاست جموں کشمیر میں بسنے والے رنگ و نسل، زبان ، مذہب ، فرقے و ثقافت کے انسانوں کے لئے قابل قبول بنایا جائے گا تا کہ حقیقی قومی آزادی کی جدو جہد میں پوری قوم اپنا حصہ ڈال سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت و پاکستان بھی تنگ نظر کشمیری سیاست کا فاعدہ اٹھاتے ہوئے کشمیری عوام کی جدو جہد کا استحصال کرنے کی پوزیشن میں نہ رہے ۔ قومی تحریکیں نظریاتی ہم آہنگی اور فکری جرات کی متقاضی ہواکرتی ہیں جبکہ نظریاتی ساتھیوں کا اعتماد قومی تحریکوںکومہمیز کرنے کا سبب بنتا ہے۔
شوکت مقبول بٹ کا مزید کہنا تھا وہ جب تک بیرون ملک موجود ہیں جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کی برطانیہ ذون کی تعمیرو ترقی کو آگے بڑھائیں گے جبکہ سفارتی محاز کی کمزوریوں کو دور کرتے ہوئے پارٹی کے بھرپور قومی کردار کو فعال بنانے میں اپنی بھر پور کو شش جا ری رکھیں گے۔