لاہور: گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کے سیاسی رابطوں میں تیزی آگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گورنر پنجاب چودھری سرورسے پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری، سابق نگراں وزیراعظم بلخ شیر مزاری، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری اور وزیر جنگلات پنجاب سبطین خان نے گورنر ہاﺅس میں ملاقاتیں کیں، ملاقات میں سیاسی صورتحال اور پنجاب کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ملکی معاملات درست سمت پر گامزن ہے، تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خاتمے کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ایجنڈا ملک کو خوشحال بنانا اور عوام کو ریلیف دینا ہے۔ واضح رہے کہ صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان کچھ روز قبل جہانگیر ترین سے بھی ملاقات کرچکے ہیں۔