وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی نیویارک میں ترک صدر کے علاوہ اردن کے شاہ عبداللہ، سری لنکا کے صدر کے علاوہ دیگر عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں۔
ترک صدر سے ملاقات میں خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان آزادانہ تجارت کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیویارک میں ترک صدر رجب طیب اردگان سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا کے علاوہ اردن کے شاہ عبداللہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ یہ ملاقاتیں جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پراقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز میں ہوئی۔
ترک صدر سے ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے علاقائی امن و سلامتی کی صورت حال کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط تر ہورہے ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ آزادانہ تجارت کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق کیا۔ ترک صدر نے پاکستان کے ساتھ منافع بخش اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے جاری کوششوں کےلئے ترکی کے عزم کی توثیق کی۔
افغانستان میں امن واستحکام کی کوششوں کے حوالے سے دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں۔ روہنگیا مسلمانوں کے حوالے سے ترک صدر اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بین الاقوامی برادری اور او آئی سی پر زوردیا کہ ان لوگوں کی مصیبتوں کو کم کرنے کےلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا سے بھی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔