اسلام آباد;اسلام آباد کے حلقہ این اے 52 سے آزادامیدوار اسرار احمد عباسی نے پی ٹی آئی امیدوار کے حق میں دستبردارہونے کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے حلقہ این اے 52 سے آزادامیدوار اسرار احمد عباسی جیپ کے انتخابی نشان پر الیکشن لڑ رہے تھے لیکن
اب انہوں نے پی ٹی آئی امیدوار خرم نواز کے مقابلے میں الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور آزادامیدوار اسرار احمد عباسی پی ٹی آئی امیدوار کے حق میں دستبردار ہو گئے ہیں ۔عام انتخابا ت میں آزادامیدوار اسرار احمد عباسی اپنے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی کی حمایت کریں گے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز آل پاکستان مسلم کے صدر ڈاکٹر امجد نے این اے 54سے پی ٹی آئی کے امیدوار اسد عمراور این اے 53سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے حق میں بھی دستبرداری کا اعلان کیا تھا ۔ جبکہ دوسری جانب ایک اور خبر کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کی ہدایت پر آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر ڈاکٹر امجد اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کے حق میں دستبردار ہو گئے۔ گزشتہ روز ڈاکٹر امجد نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور اسد عمر سے بنی گالہ میں اہم ملاقات کی ۔اس ملاقات میں ڈاکٹر امجد نے این اے 53اور54سے الیکشن سے دستبردار ی کا اعلان کیا اور کہا کہ ان دونوں حلقوں میں آل پاکستان مسلم لیگ کے ورکرز ، ووٹرز اور سپورٹرز پاکستان تحریک انصاف کی بھرپور حمایت کریں گے۔علاوہ ازیں ڈاکٹر امجد نے این اے 148سے بھی الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اس موقع پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ڈاکٹر امجد کی جانب سے دستبردار ہونے کے اعلان پر خوش آمدید کہا ۔