اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو چیلنج ہے، بلدیاتی انتخابات کا جو حلقہ کہیں گی کھول دیں گے، کہیں گے تو دوبارہ الیکشن بھی کرانے کے لیے تیار ہوں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ قومی لیڈر بننے کی خواہش رکھنے والے سیاستدان بزدل ہیں، عوام حکومت سے پیسے ضرور لیں مگر ووٹ بلے کو ہی دیں، اصل تبدیلی بلدیاتی نظام کے تحت ہی آئیگی۔
ضلع دیامر کے علاقے استور اورچلاس میں انتخابی جلسوں سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں تمام چوروں اور لٹیروں نے پی ٹی آئی کو شکست دینے کے لیے اتحاد بنایا مگر انھیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، قومی لیڈر بننے کی خواہش رکھنے والے سیاست دان بزدل ہیں اسی لیے گلگت بلتستان میں جاری انتخابی مہم میں شرکت کرنے سے خوف کھاتے ہیں۔
خیبر پختونخوا کی پولیس دیگر صوبوں کی پولیس سے بہتر ہے، خیبر پختونخوا حکومت نے تعلیم پر سب سے زیادہ روپے خرچ کیے، اصل تبدیلی تب آتی ہے جب بلدیاتی نظام آتا ہے، خیبر پختونخوا میں فوج کی نگرانی میں دوبارہ بلدیاتی الیکشن کرانے کیلئے تیار ہیں۔