لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیر مین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس فیصلے کے بعد پورے ملک میں محترک ہو جائیں گے اور اپنی حتمی سیاسی حکمت عملی عدالتی فیصلے کے بعد عیاں کریں گے۔
لاہور میں آصف زرداری کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں آئندہ سیاسی صف بندی کے لئے طویل مشاورت کی گئی اور پارٹی رہنماؤں کو پاناما لیکس کے بعد کے منظر نامے پر اعتماد میں لے گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ مشاورت میں آصف زرداری اوربلاول بھٹوزرداری نے صف بندی کو حتمی شکل پاناما لیکس فیصلے کے بعد دینے پر اتفاق کیا جب کہ ذوالفقارعلی بھٹو کی برسی کے بعد پی پی قیادت پنجاب کو مرکز بنا کر سیاسی بساط بچھائے گی۔ آصف زرداری نے سیاسی صف بندی کے لیے مختلف رہنماؤں کو سیاسی رابطوں کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی رہنما تنظیمی تیاری کرلیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس فیصلے بعد پورے ملک میں محترک ہو جائیں گے اور اپنی حتمی سیاسی حکمت عملی بھی پاناما لیکس فیصلے کے بعد عیاں کریں گے۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری اور میری نظر سیاسی حالات پر ہے، ہمارے پاس کرنے کو بہت کچھ ہے لیکن کچھ دن انتظار کریں جب میدان سجے گا تو مخالفین کو منہ توڑ جواب ملے گا۔