کراچی (یس ڈیسک) کراچی میں حالات سدھارنے کے لئے وزیر اعظم سمیت سب بڑے سرگرم ہو گئے، آصف زرداری نے وزیر اعلی کو گورنر سندھ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کر دی، وزیراعظم آج خود کراچی پہنچیں گے، گورنر ہاؤس میں اعلیٰ سطح اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے۔
کارکن کی ہلاکت پر ایم کیو ایم کے احتجاج کے بعد شہر قائد کے حالات خراب ہوئے تو وزیر اعظم نواز شریف نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما بابر غوری سے ٹیلی فونک رابطہ کرتے ہوئے انہیں باور کرایا کہ وہ خود آج کراچی پہنچ کر متحدہ کے مقتول عہدیدار کے لواحقین سے ملاقات کریں گے ۔ وزیر اعظم نے گورنر ہاؤس میں امن وامان کی صورت حال پر اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے۔
دوسری طرف پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان الزام تراشیوں کی سیاست اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے کے لئے مفاہمت کی سیاست کے سرخیل آصف زرداری نے کمان خود سنبھال لی ہے۔ پہلے خود گورنر سندھ کو ٹیلی فون کیا اس کے بعد وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ اور سینیٹر رحمان ملک کو گورنر عشرت العباد سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی۔
رحمان ملک بھی پیچھے نہ رہے ، گورنر ہاؤس جا کر متحدہ کارکن کے قتل کی عدالتی تحقیقات کی یقین دہانی کروا کر لوٹے۔ عوام ہوں یا حکمران ، روشنیوں کے شہر کراچی میں امن سب ہی کی خواہش ہے تاہم اب تک کی جانے والی تمام کوششیں دیرپا امن قائم کرنے میں سود مند ثابت نہیں ہو سکیں۔