اسلام آباد (یس ڈیسک) سیاسی جرگے کے سربراہ سراج الحق اور سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی اور جوڈیشل کمیشن کے قیام کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بعد تینیوں رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی۔ وزیر خزانہ اسحق ڈار کا کہنا تھا کہ خط کاجواب تفصیل کے ساتھ دے دیا ہے۔ جرگے کی سوچ انتہائی مثبت ہے ان کی آمد کا مشکور ہوں۔
جرگے کے سربراہ سراج الحق نے کہا کہ کہ انتخابی دھاندلی کے مسئلے کا جلد حل چاہتے ہیں کوشش ہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان معاملات جلد طے پا جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری عمل میں تسلسل رہنا چاہیے اس لئے تحریک انصاف رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ پارلیمنٹ میں آ جائیں۔
رحمان ملک کا کہنا تھا کہ پوری قوم ڈیڈلاک کے خاتمے کی منتظر ہیں امید ہے چند دن میں معاملہ کلیئر ہو جائے گا۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن جلد تشکیل دیا جائے جو یہ تحقیقات کرے دھاندلی ہوئی یا نہیں۔ سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اگر نگران حکومت نے کچھ کیا ہے تو اس میں (ن) لیگ کا کوئی تعلق نہیں۔