counter easy hit

سیاستدانوں کے آنسو!

Tears

Tears

تحریر: ایم سرور صدیقی
آنسو کئی قسم کے ہوتے ہیں ان میں سب سے زیادہ مگرمچھ کے آنسو مشہور ہیں نہ جانے کس نے اس کریہہ المجسم کو روتے دیکھ لیا اور مشہور کر دیا حالانکہ رونا اور آنسو بہانا دو الگ الگ باتیں ہیں لیکن سب سے خوفناک چیز عورت کے آنسوئوں کو کہا جاتا ہے کچھ لوگ اسے ٹسوے بہانے سے بھی تعبیر کرتے ہیں بہرحال مگرمچھ کے آنسو ہوں یا پھر ٹسوے بہانا اس کو ایک ہی سکے کے دورخ کہا جا سکتاہے لیکن آنسوئوں کی ایک اور بھی قسم ہے یہ ہے خوشی کے آنسو جس میں آنکھیں روتی ہیں لیکن دل عجب قسم کی لذت سے آشنا ہوتا ہے۔۔۔۔ آنسوئوں میں ایک خوبی تو کمال ہی ہوتی ہے کہ لوگوں کے دل پسیج جاتے ہیں اور نہ چاہتے ہوئے بھی رونے والے سے ہمدردی سی ہوجاتی ہے۔

لیکن ایک بات ہے آنسوئوں سے کام لینا یا آنسو بہانا بھی ایک آرٹ ہے جوہر کس و ناکس کے بس کا روگ نہیں آنسو عورت کا سب سے مؤثرہتھیارہے رونااور آنسو بہانا ایک ہتھیار ہے تو اس کو کئی عالمی رہنمائوں نے اس اندازسے استعمال کیا ہے کہ آج تک دنیا حیران حیران ہے ہوسکتا ہے کسی رہنما کے سچ مچ آنسو نکل آئے ہوں لیکن سیاست کی دنیا میں ایسا کم کم ہوتاہے لیکن ایک خاص بات یہ ہے کہ جب سینہ غم سے بوجھل ہوجائے تو اب یہ تو آنسو روکے بھی تو نہیں رک پاتے۔ کوئی دعوےٰ نہیں کرسکتا کہ سب سے پہلے آنسوئوں کو ہتھیارکا درجہ کس نے دیا ماہرین ِ نفسیات کا کہناہے کہ جب انسان کسی سبب کمزورپڑجاتاہے تو اس کے آنسو نکل جاتے ہیں جولوگ مضبوط اعصاب کے مالک ہوں مشکل حالات، اچانک غم یا خوشی میں بھی ان کی آنکھیں خود بخود بھیگ جاتی ہیں ایک بات طے ہے آنسوئوں کا ۔۔ دل اور جذبات سے گہرا رشتہ ہوتاہے ۔۔۔۔

تاریخ میں کئی عالمی رہنما ئوںکے آنسو مشہورہیں مزے کی بات یہ ہے کہ پاکستانی سیاستدان بھی کسی سے پیچھے نہیں۔سابقہ صدر ضیاء الحق اپنے ہی نامزدکردہ وزیر اعظم محمدخان جونیجو کو برطرف کرنے کے بعد قوم سے خطاب کے دوران ملکی حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے کئی سیکنڈ تک ان کی سسکیوں کی آواز سنائی دیتی رہی ۔ امریکی صدر بارک اوبامہ نے 5جنوری2016کو ایک تقریب کے دوران20بچوںکی ہلاکت پر آنسو بہائے۔۔۔انہوںنے اپنے خطاب کے دوران2012ء میں ہونیوالے ایک فائرنگ کا تذکرہ کرڈالا جس میں20بچے مارے گئے تھے شنید ہے کہ یہ ذکرکرتے ہوئے ان کی آنکھوں سے بے اختیار آنسو نکل آئے تھے ان کا کہنا تھا جب بھی میں ان بچوں کے بارے میں سوچتاہوں پاگل سا ہوجاتا ہوں بارک اوبامہ کے آنسوئوںنے کئی لوگوںکو آبدیدہ کردیا۔۔۔ پاکستان میں گذشتہ سال پشاور میں آرمی پبلک سکول میں ہونے والی دہشت گردی کے بدترین واقعہ میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور وزیر اعظم میاں نوازشریف،تحریک ِ انصاف کے چیئر مین عمران خان سمیت کروڑوں افراد کے بے ساختہ آنسو نکل آئے اسی ظلم کے خاتمہ کے لئے قومی و عسکری قیادت نے دہشت گردوں کے خلاف اپریشن ضرب ِ عضب کا فیصلہ کیا جو کامیابی کے منطقی انجام کے قریب ہے۔۔۔

Vladimir Putin Tear

Vladimir Putin Tear

روسی صدر ولادی میر پوٹن۔۔۔ کریملن کے قریب معروف علاقہ مانیزلایا سکوائر میں اپنے حامیوں سے خطاب کے ددران اپنی کارکردگی بتاتے ہوئے اشک بہانے پر مجبور ہو گئے تھے اسی طرح شمالی کوریا کے صدر کم جونگ اس وقت زاروقطار روتے نظر آئے جو ان کے والد اور ملک کے سابق صدر کم جونگ ٹو کی تدفین ریاستی اعزاز کے ساتھ پیانگ یانگ میں ہورہی تھی۔۔۔۔ کینیڈاکے وزیر ِ اعظم جسٹن ٹروڈو کی آنکھوں میں اس وقت تارے جھلمانے لگے جب وہ ٹرتھ اینڈ ریکو نسلیشین کی فائنل رپورٹ منظر ِ عام پر آنے کے بعدقوم سے خطاب کررہے تھے۔۔۔۔ اسی طرح سابق امریکی صدر جارج ڈبلیوبش اپنے دور صدارت کے دوران امریکی نیول سیل مائیکل مونسو رکو مرنے کے بعدایوارڈ دینے کی تقریب” میڈل آف آنر” میں اپنے بہتے آنسوئوںکو روکنے میں ناکام ہوگئے اورسسکیاں لینے لگے۔۔۔اٹلی کے سابقہ وزیرِ اعظم سلویوبرلسکونی۔۔

اس وقت رونے لگ گئے جب نہیں ٹیکس نہ دینے کے جرم میں سزا دی گئی جس کے خلاف وہ اپنے محل کے باہر بڑے جلسہ میں خطاب کرتے ہوئے باربار رو پڑے۔۔ میانمارکی معروف سیاستدان آنگ سان کو چند سال قبل ایک پریس کانفرنس کے دوران اچانک ان کا دل بھر آیا اور وہ پھوٹ پھوٹ کررونے لگ گئیں۔۔۔ ارجنٹائن کی سابق صدر کرسٹینا فرنانڈس صدارتی انتخابات کے دوران شاندارکامیابی پر اپنے بیٹے میک سیمو کا بوسہ لیتے ہوئے فرط ِ جذبات سے رونے لگ گئیں۔۔سابقہ پاکستانی وزیر ِ اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو ایک ٹیلی ویژن کو دئیے گئے انٹرویو کے دوران اپنے بھائی میر مرتضیٰ بھٹو کے قتل کے سوال پر اپنے جذبات پرقابو نہ رکھ سکیں ان کی آواز بو جھل ہوگئی اور آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے۔۔۔۔

Nawaz Sharif Tear

Nawaz Sharif Tear

محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے موقعہ پر میاں نوازشریف بھی راولپنڈی میں تھے وہ ہسپتال گئے وہاں کارکنوں کی آہ و بکا دیکھ کر آنسوئوں پر قابو پانا مشکل ہوگیا۔۔۔ اسی طرح جب میاں نوازشریف کو فیملی کے ساتھ جلاوطن کیا گیا اس وقت بھی ان کی آنکھوں میں آنسو تھے اب یہ معلوم نہیں کہ وطن چھوڑنے کا غم میں انکی آنکھیں پرنم تھیں یا مشرف سے چھٹکاڑا پاکر ان کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے ۔۔۔ اسلام آباد میں تاریخی دھرنے کے دوران عوامی تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر پروفیسرطاہرالقادری نے کئی بار عوام کی حالت ِ زار کا ذکرتے ہوئے جذباتی خطاب کرکے نہ صرف خود آبدیدہ ہوگئے بلکہ انہوں نے لوگوں کو بھی رلادیا۔۔۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما لال کرشن ایڈوانی کو اکثر رونے کی عادت تھی بات بات پر وہ اتنے جذباتی ہو جاتے کہ آنسو تھمنے کا نام ہی نہ لیتے تھے اس کے برعکس جواہر لال نہرو کو رونے سے سخت نفرت تھی ہاں البتہ چائنہ بھارت جنگ کے دوران لتا منگیشکر کا گایا ہوا گایا۔

ذرا آنکھوں میں بھر لو پانی ” سن کر چند لمحوں کے لئے ان کی آنکھیں پرنم ہوگئیں تاہم پھر وہ سنبھل کر بیٹھ گئے۔ جے پور میں پارٹی اجلاس کے موقعہ پر کانگرس کے رہنما راہول گاندھی نے یہ کہہ کر سب کو جذباتی کرڈالا کہ جب مجھے کانگرس کا نائب صدر منتخب کیا گیا اسی روز ان کی والدہ میرے کمرے میں آئیں اور میرے گلے لگ کر خوب روئیں جس پر کئی ارکان رونے لگ گئے۔۔۔۔27دسمبر2012ء کو اپنی والدہ کی برسی کے موقعہ پر بلاول زرداری نے سیاست میں آنے کااعلان کیاان کے پرجوش خطاب نے کارکنوں کے لہو کو گرما دیا سٹیج پربیٹھے ہوئے ان کے والد آصف علی زرداری کی آنکھیں پرنم ہوگئیں۔۔۔۔

جب آنسوئوںکا ذکرہواورMQMکے جلاوطن رہنما الطاف حسین کا تذکرہ نہ کیا جائے یہ کیسے ممکن ہے اکثروبیشتر ان کے ٹیلی فونک خطابات کے دوران ان کی آواز بھاری اور دل بوجھل ہو جانے کے سبب وہ رونے لگ جاتے ہیں جس پر کارکنوں کا دل دہل دہل جاتاہے۔۔۔کئی سال قبل بارک اوبامہ سے الیکشن کے دوران آئی اوواپرائمری ہارنے کے بعدہیلری کلنٹن سرعام رونے لگ گئیں جس پران کے معاونین اور انکے کارکنوںکو لگا کہ یہ اچھی بات نہیں ہوئی ۔۔ لیکن در حقیقت ہیلری کلنٹن کو اس کا فائدہ ہوا اور ہمدردی کے باعث انہیں خواتین سے بہت زیادہ ووٹ دے دئیے۔

Sarwar Siddiqui

Sarwar Siddiqui

تحریر: ایم سرور صدیقی